پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانوی مارکیٹ میں پروازوں کی گنجائش بڑھانے اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے بہتر بنانے کے لیے ناروے کی ایئرلائن نورس اٹلانٹک کے ساتھ 2 بوئنگ 787-9 ڈریم لائنرز کے حصول کا معاہدہ کر لیا ہے۔
معاہدے کے تحت پروازیں نومبر 2026 کے آغاز سے شروع ہونے کی توقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولتیں میسر آئیں گی۔
پی آئی اے کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق یہ معاہدہ طیارے، عملے، دیکھ بھال اور بیمہ سمیت مکمل خدمات کی فراہمی پر مشتمل ہے، جسے ہوا بازی کی صنعت میں اے سی ایم آئی معاہدہ کہا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے پی آئی اے آئندہ ڈھائی سال کے دوران اپنے فلیٹ میں کتنے طیارے شامل کرے گی؟
اس انتظام کے تحت نورس اٹلانٹک ایئرلائن پی آئی اے کو 2 جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنرز فراہم کرے گی۔ اس طرح قومی ایئرلائن اپنی طویل فاصلے کی پروازوں کی گنجائش بڑھا سکے گی، جبکہ نورس اٹلانٹک اپنے سابقہ معاہدے میں استعمال ہونے والے وسائل کو دوسری جگہ منتقل کر سکے گی۔
نورس اٹلانٹک کے چیف ایگزیکٹو ایونڈ رولڈ نے کہا کہ کمپنی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے بہتر بنانے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کو سفر کے مزید مواقع فراہم کرنے میں پی آئی اے کی معاونت پر خوش ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو عامر حیات کے مطابق برطانیہ قومی ایئرلائن کی اہم مارکیٹ ہے اور یہ معاہدہ مسافروں کو سفر کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے میں مدد دے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈریم لائنرز مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے پی آئی اے نجکاری: عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں قومی ایئر لائن کو خرید لیا
یہ پیشرفت پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ادارے کی تنظیمِ نو، طیاروں کے بیڑے کو جدید بنانے اور نئے فضائی راستوں کی توسیع کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دسمبر 2025 میں نجکاری کے بعد پی آئی اے نے اپنے بیڑے اور بین الاقوامی آپریشنز میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔
حال ہی میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں تعاون، ایئربس اور رولز رائس کے ممکنہ طیاروں اور انجنوں کے انتظامات پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک سے بوئنگ طیاروں کی خریداری کے لیے مالی معاونت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔














