کراچی میں گھر سے میاں بیوی، خاتون اور 2 بچوں سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملیر کے علاقے بن قاسم تھانے کی حدود میں واقع فلک ناز سوسائٹی کے ایک گھر سے میاں بیوی، ایک خاتون اور 2 کمسن بچوں سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا معلوم ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کلفٹن سے نوجوان مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد

پولیس کے مطابق پانچوں افراد کی لاشیں گھر کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک کمرے سے ملی ہیں، جبکہ گھر اندر سے ایک بھاری چیز رکھ کر بند کیا گیا تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا، مزید تحقیقات کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

متوفین کی شناخت 30 سالہ شاہزیب، ان کی 28 سالہ اہلیہ صبا، 20 سالہ شمائلہ اور 2 کمسن بچوں، 5 سالہ ایزل اور 3 سالہ آریہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق شاہزیب اور صبا کو گولیاں لگی ہیں، جبکہ دیگر 3 افراد کو زہر دیے جانے کا شبہ ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں خواتین کے لزرہ خیز قتل کا معمہ حل، قاتل گھر ہی کا فرد نکلا

لاشوں کو قانونی کارروائی اور ضروری طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

واقعے کی نوعیت اور اموات کی اصل وجوہات کا حتمی تعین شواہد، طبی معائنے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp