’آج بھی خود کو بس کنڈکٹر سمجھتا ہوں‘، رجنی کانت نے بس کنڈکٹر کی ملازمت کو اداکاری سے بہتر کیوں قرار دیا؟

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف سپر اسٹار رجنی کانت نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اداکاری سے محبت ہونے کے باوجود بس کنڈکٹر کی ملازمت زیادہ پسند تھی۔ اداکار کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی اپنی زندگی کے اس دور کو یاد کرتے ہیں اور خود کو دل سے ایک بس کنڈکٹر ہی سمجھتے ہیں۔

فلم ’جیلر 2‘ کی تشہیری تقریب کے دوران 75 سالہ رجنی کانت نے اپنی ابتدائی زندگی اور بنگلورو میں ملازمت کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بس کنڈکٹر کے طور پر گزارے گئے 5 سال ان کی زندگی کے یادگار ترین دنوں میں شامل ہیں۔

رجنی کانت نے کہا کہ انہیں اداکاری سے یقیناً محبت ہے لیکن بس کنڈکٹر کی ملازمت سے ان کی وابستگی اس سے بھی زیادہ تھی۔ ان کے بقول وہ پانچ سال انتہائی شاندار تھے اور آج بھی انہیں اس دور کی کمی محسوس ہوتی ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے خود کو آج بھی بس کنڈکٹر سمجھتے ہیں اور ہمیشہ ایسا ہی محسوس کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر اسٹار بننے اور بے پناہ شہرت حاصل کرنے کے باوجود انہیں اس حیثیت سے مکمل طور پر خود کو جوڑنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار رجنی کانت نے صفائی کرنے والی خاتون کو سونے کی چین تحفے میں کیوں دی؟

رجنی کانت کے مطابق یہی وجہ ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً بنگلورو جاتے رہتے ہیں۔ وہاں بس دیکھ کر انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے جبکہ خاکی وردی نظر آنے پر ان کی آنکھوں میں بے اختیار آنسو آ جاتے ہیں۔

رجنی کانت نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل بنگلورو ٹرانسپورٹ سروس میں بس کنڈکٹر کے طور پر کام کیا تھا۔ بعد ازاں اپنے منفرد انداز، دلکش شخصیت اور غیر معمولی اداکاری کے باعث وہ بھارتی سنیما کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔

یہ بھی پڑھیں: بس کنڈکٹر سے سپر اسٹار تک، رجنی کانت کا بھارتی سینما میں نصف صدی کا سفر کیسا رہا؟

دوسری جانب فلم ’جیلر 2‘ کے پروڈیوسرز نے تصدیق کی ہے کہ فلم 15 اکتوبر کو ہندی زبان میں بھی سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد ان خبروں کی تردید ہوگئی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ فلم کا ہندی ورژن سینما گھروں میں پیش نہیں کیا جائے گا۔

فلم کی ریلیز سے متعلق یہ وضاحت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نمائش کے شیڈول کے حوالے سے اختلافات کی خبروں کے بعد سامنے آئی۔ نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2023 کی کامیاب فلم ’جیلر‘ کا سیکوئل ہے جس میں رجنی کانت ایک بار پھر ریٹائرڈ جیلر ٹائیگر متھوویل پانڈیئن کے کردار میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: رجنی کانت کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی، بھارت میں خوف و ہراس

فلم کی کاسٹ میں موہن لال، شیوا راج کمار، جیکی شروف، متھن چکرورتی، ودیا بالن، ایس جے سوریہ اور سورج ونجاراموڈو بھی شامل ہیں۔ یہ ایکشن فلم 15 اکتوبر کو ہندی، تمل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ زبانوں میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کی موسیقی انیرودھ روی چندر نے ترتیب دی ہے جو اس سیکوئل کے لیے بھی موسیقار کی حیثیت سے واپس آئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp