سری لنکا نے پاکستان کے خلاف نومبر میں شیڈول 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں فاسٹ بولر ایشان مالنگا اور وکٹ کیپر بیٹر انجالا بندارا کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر دلشان مدوشنکا کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
سری لنکا نے انجالا بندارا کو نیروشن ڈکویلا کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا ہے، جنہیں اگست میں بھارت کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے واپس بلایا گیا تھا، تاہم اب انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوشل مینڈس سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان مقرر، دھننجیا ڈی سلوا قیادت سے دستبردار
کوشل مینڈس پہلی مرتبہ ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے سری لنکن ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس سے قبل دھننجایا ڈی سلوا نے قیادت سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
ایشان مالنگا محدود اوورز کی کرکٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 19 فرسٹ کلاس میچز میں 31.15 کی اوسط سے 44 وکٹیں حاصل کرکے پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔
22 سالہ وکٹ کیپر بیٹر انجالا بندارا کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا صلہ ملا ہے۔ وہ 31 میچز میں 65.85 کی اوسط سے رنز بنا چکے ہیں، جن میں 7 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بہترین انفرادی اسکور ناٹ آؤٹ 200 رنز ہے۔
بھارت کے خلاف کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ میں کھیلنے والے اوپنرز لاہرو اودارا اور کامل مشارا کو اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر ساہان آراچیگے بھی ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکے۔

تجربہ کار بیٹر دھنیش چندیمل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں گال میں پہلے ٹیسٹ کے دوران سر پر چوٹ لگنے کے باعث کنکشن متبادل کے طور پر میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔
پاتھم نسانکا کو فٹنس کلیئرنس سے مشروط کرتے ہوئے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ طبی طور پر فٹ قرار دیے جانے کی صورت میں ہی پاکستان کا سفر کریں گے۔
سری لنکا کی اسپن بولنگ کی قیادت پرباتھ جے سوریا اور کیشارا نوانتھا کریں گے، جبکہ آل راؤنڈر سونال دینوشا کو بھی بھارت کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کے بعد اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔
فاسٹ بولنگ کے شعبے میں میلان رتھنائیکے، لاہرو کمارا، آسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا اور ایشان مالنگا شامل ہیں، جبکہ ویشوا فرنینڈو کو اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکن کپتان مستعفی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس وقت 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز جاری ہے، جس کا آخری میچ آج منگل کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان پہلے ہی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سری لنکا، پاکستان اور انگلینڈ کے ساتھ 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والی ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شرکت کرے گا۔
سری لنکا 22 اکتوبر کو راولپنڈی میں انگلینڈ کے مدمقابل ہوگا، جس کے بعد باقی گروپ میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان 25 اکتوبر کو انگلینڈ اور 27 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گا۔








