پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکن کپتان مستعفی

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا کے مڈل آرڈر بلے باز دھننجایا ڈی سلوا نے پاکستان کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔

35 سالہ دھننجایا ڈی سلوا نے سلیکشن کے لیے اپنی دستیابی برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے، تاہم انہوں نے فوری طور پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

سلیکٹرز کے نام اپنے خط میں دھننجایا ڈی سلوا نے کہا کہ ان کی مخلصانہ رائے ہے کہ قیادت کی ذمہ داری اب نئی نسل کو منتقل ہونی چاہیے۔

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کرکٹ نے دھننجایا ڈی سلوا کی بطور کھلاڑی دستیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیم کے لیے ان کی مزید خدمات اور کردار کے منتظر ہیں۔

دھننجایا ڈی سلوا نے 2016 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 69 ٹیسٹ میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے بھارت منتقل کردی

انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار 431 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ 43 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ وہ بطور بولر 2 ہزار 348 رنز دے چکے ہیں۔

دھننجایا ڈی سلوا رواں سال جنوری میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد سے سری لنکا کی ٹی20 اور ون ڈے ٹیموں میں شامل نہیں کیے گئے۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ان کا کپتانی سے دستبردار ہونا سری لنکن ٹیم کے لیے قیادت کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp