امریکی فضائی کمپنی امریکن ایئرلائنز نے رواں سال امریکا، میکسیکو اور مشرقِ وسطیٰ میں 3 مقامات کے لیے اپنی پروازیں بند کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کے لیے فضائی سفر کے متبادل محدود ہو گئے ہیں۔
ایوی ایشن نیوز ویب سائٹ ’سمپل فلائنگ‘ کے مطابق، امریکن ایئرلائنز نے کیلیفورنیا کے شہر سانتا ماریا، میکسیکو کے شہر تیخوانا اور قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے اپنی پروازیں ختم کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ایئرلائن کی پرواز قبل رن وے پر آگ اور دھواں، مسافروں کی ڈرامائی ریسکیو ویڈیو وائرل
رپورٹ میں فضائی شعبے کے اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سیریم کے ڈیٹا کا حوالہ دیا گیا ہے۔
پروازوں کی بندش کے بعد سانتا ماریا کے ہوائی اڈے پر امریکا کی بڑی روایتی فضائی کمپنیوں کی سروس ختم ہو گئی ہے، جبکہ تیخوانا سے امریکی فضائی کمپنی کی واحد براہِ راست پرواز بھی بند ہو گئی ہے۔
BREAKING: American Airlines' Dropped Destination List Is Sure To Shock You
Check out the full article: https://t.co/5pEqtgvz2C#AmericanAirlines #Travel #American #TravelNews pic.twitter.com/nEe9IVLWZ6
— ArtVoice (@TheRealArtVoice) October 14, 2026
امریکن ایئرلائنز نے فینکس سے سانتا ماریا اور تیخوانا کے لیے پروازیں ختم کرکے ان دونوں شہروں سے اپنا فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
اب سانتا ماریا کے ہوائی اڈے سے صرف ایلیجینٹ ایئر کمرشل پروازیں چلا رہی ہے، جو لاس ویگاس کے لیے دستیاب ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی حملے کا خوف، عالمی ایئرلائنز وینزویلا کے لیے پروازیں معطل کرنے پر مجبور
کمپنی نے سانتا ماریا کے لیے پروازیں بند کرنے کی وجہ ان کی ناقص کارکردگی قرار دی۔ امریکن ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق سانتا ماریا کے لیے پروازیں کمپنی کی کارکردگی سے متعلق توقعات پر پورا نہیں اتریں، جس کے بعد اسکائی ویسٹ ایئرلائنز نے 7 مئی سے یہ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب، امریکن ایئرلائنز نے جون میں فلاڈیلفیا سے دوحہ کے لیے پروازیں مستقل طور پر ختم کر دیں، کمپنی نے اس سے قبل خطے میں کشیدگی کے باعث یہ پروازیں عارضی طور پر معطل کی تھیں۔
مزید پڑھیں: امریکن ایئرلائنز کے پائلٹ کی تنخواہ منظرِ عام پر، سوشل میڈیا پر ہلچل
بعد ازاں قطر ایئرویز نے فلاڈیلفیا اور دوحہ کے درمیان براہِ راست فضائی سروس سنبھال لی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان نان اسٹاپ پروازیں بحال ہو گئیں۔
امریکن ایئرلائنز کی ترجمان برائی ہارپر کے مطابق، فضائی نیٹ ورک اور طیاروں کے بیڑے کو زیادہ مؤثر بنانے کی حکمتِ عملی کے تحت دوحہ کے لیے سروس ختم کرنے کا مشکل فیصلہ کیا گیا۔
اگست میں کمپنی نے میکسیکو کے شہر تیخوانا کے لیے پروازیں بھی بند کر دیں، کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ طیاروں کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فضائی روٹس کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہے، جبکہ تیخوانا کا روٹ بھی کارکردگی سے متعلق توقعات پر پورا نہیں اتر رہا تھا۔














