سمندری طوفان چیمپی سپر ٹائیفون بن سکتا ہے، بحرالکاہل میں نیا خطرہ

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سمندری طوفان چیمپی جمعرات کو مزید شدت اختیار کرتے ہوئے بحرالکاہل کے جزیرے گوام کی جانب بڑھنے لگا، جس کے بعد حکام نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ٹائیفون واچ جاری کر دی ہے۔ حکام طوفان کی سمت اور جزیرے پر اس کے ممکنہ اثرات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

چیمپی کو مغربی بحرالکاہل میں 2026 کے غیر معمولی طور پر سرگرم ٹائیفون سیزن کا عارضی طور پر 30واں طوفان قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان آئیسیاس امریکی ساحل سے ٹکرا گیا، تیز ہواؤں اور شدید بارش سے تباہی

یہ طوفان مائیکرونیشیا کے مشرق میں تشکیل پایا اور جمعرات کو ٹراپیکل اسٹورم کی شدت اختیار کر گیا، اس وقت اس کی ہواؤں کی رفتار تقریباً 56 سے 64 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

موسمی پیش گوئیوں کے مطابق چیمپی کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے اور یہ کیٹیگری 5 کے انتہائی طاقتور ٹائیفون کی سطح تک پہنچ سکتا ہے۔

طوفان کا ممکنہ راستہ جنوب کی جانب گوام کی طرف منتقل ہو رہا ہے، جہاں ہفتے کی شب سے طوفانی ہوائیں پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام نے اتوار کی صبح کے لیے ٹائیفون وارننگ اور شدید بارشوں سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا ہے، پیشگوئی کے مطابق بعض علاقوں میں تقریباً 127 سے 203 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، جس سے سیلاب اور دیگر موسمی خطرات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: میکسیکو کے ساحل کے قریب سمندری طوفان پولو کی شدت میں غیر معمولی اضافہ، کیٹیگری 5 تک پہنچ گیا

رپورٹ کے مطابق چیمپی ماریانا جزائر کے قریب سے گزرنے کے بعد کھلے بحرالکاہل میں ایک سپر ٹائیفون کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

اس کے بعد چین، تائیوان یا جنوبی جاپان کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس کے حتمی راستے اور ممکنہ زمینی ٹکراؤ کے مقام کے بارے میں مزید پیش گوئیوں کا انتظار ہے۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر گوام اور قریبی جزائر میں حکام طوفان کی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp