پشاور دیر کالونی میں واقع نجی سکول الخیر ایجوکیشن سینٹر کی چھت گرنے کے دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا۔ اس المناک حادثے میں کم از کم 30 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوئے جبکہ 52 بچے زخمی بھی ہوئے۔
اس افسوسناک واقعے نے جہاں متاثرہ خاندانوں کو غم میں مبتلا کردیا وہیں ملک بھر میں بھی سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔ پاکستانی شوبز اور کھیلوں سے وابستہ معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
اداکارہ دنانیر مبین نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ”پشاور ایک بار پھر لہولہان ہے۔“

اداکار دانش تیمور نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ معصوم بچوں کو اس طرح کے المناک حادثے میں کھونے کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان خاندانوں کے دکھ اور تکلیف کا تصور بھی نہیں کرسکتے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اداکارہ نادیہ افگن نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس سے محض ایک ماہ قبل کراچی کے ایک اسکول میں بھی عمارت گرنے کا اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا۔ تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے ایسے حادثات نے اسکولوں کی عمارتوں کی مضبوطی، تعمیراتی معیار اور بچوں کی حفاظت کے انتظامات سے متعلق سنجیدہ سوالات کھڑے کردیے ہیں۔










