اسرائیلی کمپنی کا خطرناک سائبر حملہ، اشتہار دیکھنے سے بھی موبائل اور کمپیوٹر ہیک ہونے کا خدشہ

ہفتہ 17 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الجزیرہ کے 45  آلات کو نشانہ بنایا گیا، اقوام متحدہ، نیٹو اور مختلف ممالک کے حساس نیٹ ورکس پر بھی خطرات کی نشاندہی

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی کینڈیرو سے منسلک ایک جدید سائبر حملے میں صارفین کے موبائل فون اور کمپیوٹر کو کسی لنک پر کلک کیے بغیر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس طریقے کو ’زیرو کلک‘ حملہ کہا جاتا ہے، جس میں نقصاندہ اشتہارات کے ذریعے آلے میں جاسوسی کا سافٹ ویئر داخل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

کینیڈا کے تحقیقی ادارے سٹیزن لیب کی تحقیقات کے مطابق جون 2025  میں الجزیرہ کے عملے کے زیر استعمال45  آلات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں حساس موضوعات پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کے آلات بھی شامل تھے۔ تحقیقات میں اسرائیلی کمپنی کینڈیرو کو ان حملوں سے منسلک کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈسکور ٹیک نامی اسرائیلی اشتہاری کمپنی کے اشتہارات صارفین کو خاموشی سے ایسے سرورز کی طرف منتقل کرتے تھے جہاں سے جاسوسی کا سافٹ ویئر آلے کو متاثر کر سکتا تھا۔ اس سافٹ ویئر کے ذریعے فائلیں، دستاویزات، براؤزر کی معلومات، محفوظ پاس ورڈز، پیغامات اور ای میلز چوری کیے جا سکتے ہیں، جبکہ مائیکروفون، کیمرے اور اسکرین تک رسائی کی کوشش بھی ممکن ہے۔

سٹیزن لیب کے مطابق ایسے اشتہارات مختلف ممالک کے سرکاری اور حساس اداروں کے نیٹ ورکس پر بھی دیکھے گئے، جن میں اقوام متحدہ، نیٹو، یورپی پارلیمان اور یورپی کمیشن کے نیٹ ورکس شامل ہیں۔ تاہم ان تمام اداروں کے آلات میں جاسوسی سافٹ ویئر نصب ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی ہیکرز کا اسرائیلی کمپنی پر سائبر اٹیک، مالی معاملات میں نقائص کا انکشاف

ماہرین کے مطابق عام صارفین کے مقابلے میں صحافیوں اور سرکاری حکام جیسے مخصوص افراد کو زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اشتہارات روکنے والے سافٹ ویئر کے استعمال، فون کی اشتہاری شناخت بند کرنے اور آپریٹنگ سسٹم کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp