ابو فلاح میں اسرائیلی آبادکاروں کا حملہ، امریکی صحافی کی پسلی ٹوٹ گئی

ہفتہ 17 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں ابو فلاح میں زیتون کی فصل چننے والے فلسطینی کسانوں پر حملہ کرکے باغات کو آگ لگا دی اور پتھراؤ کیا، جبکہ واقعے کی کوریج کرنے والی امریکی صحافی ہیڈی لیوائن کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو تقریباً 80 نقاب پوش اسرائیلی آبادکار ابو فلاح میں زیتون کے باغات میں داخل ہوئے اور فلسطینی کسانوں پر پتھر برسائے۔ حملے کے دوران باغات میں آگ لگائی گئی اور کم از کم 2 افراد زخمی ہوئے، جن میں امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی فوٹو جرنلسٹ ہیڈی لیوائن بھی شامل ہیں۔

رائٹرز اور واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے صحافی کو زمین پر گرا کر بار بار لاتیں ماریں اور ان کا کیمرا اور فون چھین لیا۔ صحافی نے بتایا کہ حفاظتی جیکٹ اور ہیلمٹ پہننے کی وجہ سے وہ مزید سنگین چوٹوں سے محفوظ رہیں۔

انہیں علاج کے لیے رام اللہ کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان کی پسلی ٹوٹ گئی، جسم پر زخم آئے اور ہاتھ کی انگلی شدید زخمی ہونے کے باعث آپریشن کی ضرورت پیش آئی۔

یہ بھی پڑھیں:فلسطینی تاریخ پر بچوں کی کتاب کی اشاعت پینگوئن رینڈم ہاؤس نے روک دی

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، تاہم حملہ جاری رہا۔ فوجیوں نے فلسطینیوں کی سمت آنسو گیس فائر کی، جبکہ علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے صورت حال کے دوران وارننگ فائر کیے اور واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرہ امریکی شہری کو ضروری قونصلر معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کی انتظامیہ نے صحافی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیلی تنظیم یش دین کے مطابق 27 ستمبر سے اب تک آبادکاروں کے کم از کم 170 حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp