مصباح الحق نیپال پریمیئر لیگ کی ٹیم سودرپسچم رائلز کے ہیڈ کوچ مقرر

ہفتہ 17 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نیپال پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں سودرپسچم رائلز کی کوچنگ کریں گے، ٹورنامنٹ 26 اکتوبر سے 21 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کو نیپال پریمیئر لیگ (این پی ایل) کی ٹیم سودرپسچم رائلز کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

فرنچائز نے اس تقرری کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیپال کی کرکٹ ٹیم کا کارنامہ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی

مصباح الحق نے نئی ذمہ داری ملنے پر خوشی اور جوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ سیزن کے لیے سودرپسچم رائلز کا حصہ بننے اور ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیپال میں کرکٹ کے لیے شائقین کے غیرمعمولی جوش و جذبے کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے اور وہ اس ماحول کا حصہ بننے کے منتظر ہیں، انہوں نے ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

مصباح الحق کو بین الاقوامی کرکٹ اور ٹی20 فرنچائز کرکٹ میں وسیع تجربہ حاصل ہے، ان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

وہ پاکستان کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، ان کی کپتانی میں پاکستان نے 2016 میں آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کو شکست دے دی

مصباح الحق رواں سال پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں، جس نے پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن جیتا، وہ حال ہی میں پاکستان کی قومی سلیکشن کمیٹی سے بھی الگ ہوئے تھے۔

نیپال پریمیئر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 26 اکتوبر سے 21 نومبر تک منعقد ہوگا، سودرپسچم رائلز نے لیگ کے گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی اور دونوں مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم ٹیم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی، لیگ کی دفاعی چیمپئن لمبینی لائنز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp