کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹس کے کندھوں پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس لیے انہیں پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرنا چاہیے۔ دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے بنیادی اصول ہیں۔
پاکستان ایک پُرامن ملک کی حیثیت سے ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ تحمل، مکالمے اور علاقائی استحکام کو ترجیح دیتا آیا ہے۔ تاہم، کوئی بھی مخالف ہمارے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھے اور نہ ہی ہمارے تحمل کو عزم و حوصلے کی کمی سے تعبیر کرے۔ ہم نہ تو سرحد پار سے ہونے والی جارحیت… pic.twitter.com/UOyKinaMmv
— WE News (@WENewsPk) October 17, 2026
انہوں نے خواتین کیڈٹس کی شرکت کو باعثِ افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ بہادر جوان ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ خطے کی حالیہ کشیدہ صورت حال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا، جبکہ کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو دنیا بھر نے دیکھا۔
یہ بھی پڑھیں:کرم سیکٹر: پاک فوج کی افغان طالبان کی پوسٹوں پر جوابی کارروائی، فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام
انہوں نے فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔













