وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنی وسائل پر قبضے سے جوڑنا افسوسناک ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشتگردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی الزامات کی نذر کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنی وسائل پر قبضے سے جوڑنا افسوسناک ہے۔ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی الزامات کی نذر کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت کی ترجیح عوام کا تحفظ اور صوبے میں امن کا قیام ہے.
مولانا صاحب ایک سینئر سیاستدان ہیں اور خود بھی دہشت گردی کے نقصانات سے واقف ہیں۔ ان سے توقع ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا میں تیرہ سال حکومت کرنے والی تحریک انصاف کو بھی اپنی کارکردگی اور امن و امان کی بگڑتی صورتِ حال کا جواب دینا ہوگا۔
افواجِ پاکستان کے افسران اور جوان وطن کے امن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے وقت میں سیاسی الزام تراشی کے بجائے قومی اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو امن، تحفظ اور ترقی چاہیے، سیاسی تنازعات نہیں۔
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) October 17, 2026
طارق فضل چوہدری نے کہاکہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح خیبرپختونخوا کے عوام کا تحفظ اور صوبے میں امن و امان کا قیام ہے۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان ایک سینیئر سیاستدان ہیں اور دہشتگردی سے ہونے والے نقصانات سے خود بھی بخوبی آگاہ ہیں۔ توقع ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف قومی کوششوں کی حمایت کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کو بھی اپنی کارکردگی اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جواب دینا ہوگا، کیونکہ تحریک انصاف گزشتہ 13 سال سے خیبرپختونخوا میں برسرِ اقتدار ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اور جوان وطن میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایسے وقت میں ایک دوسرے پر سیاسی الزامات عائد کرنے کے بجائے قومی اتحاد اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ امن، تحفظ اور ترقی چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا میں معدنیات پر قبضے سے متعلق ایک بیان دیا ہے، جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کی جانب سے ان پر تنقید کی جارہی ہے۔














