خیبرپختونخوا کے مشیر برائے صنعت و تجارت ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کرکے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔ چائنا ونڈو کی جانب سے محکمہ صنعت کے اشتراک سے فنی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کی تجویز خوش آئند ہے، جسے متعلقہ اداروں کی مشاورت سے عملی شکل دی جا سکتی ہے۔
وہ چائنہ ونڈو پشاور کے زیرِ اہتمام چین کے روایتی مڈ آٹم فیسٹیول کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

مشیر صنعت نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان صلاحیتوں اور محنت کے جذبے سے مالامال ہیں، تاہم انہیں ایسی عملی تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے جو صنعتوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔
انہوں نے کہاکہ جدید مشینری کے استعمال، مرمت، معیاری مصنوعات کی تیاری اور ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں نہ صرف نوجوانوں کے معاشی مستقبل کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ صنعتوں کو تربیت یافتہ افرادی قوت بھی فراہم کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چین کے صنعتی تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے مقامی ضروریات، موجودہ تربیتی سہولتوں اور ان میں بہتری کے امکانات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ چائنا ونڈو چینی زبان کی تعلیم، ثقافتی آگاہی اور متعلقہ چینی اداروں کے ساتھ روابط کے ذریعے اس عمل میں مفید کردار ادا کر سکتا ہے۔
مشیر صنعت نے تجویز دی کہ ممکنہ تعاون کے لیے ایک واضح منصوبہ تیار کیا جائے، جس میں ترجیحی ہنر، متعلقہ اداروں، تربیت کے دورانیے اور نوجوانوں کے انتخاب کے طریقہ کار کی نشاندہی کی جائے۔ مقامی صنعتوں کو بھی مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے تاکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لیے عملی تجربے اور روزگار کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ صنعت اور متعلقہ فنی تربیتی اداروں کے ساتھ بامقصد بات چیت آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
’پاک چین دوستی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر زور‘
مشیر صنعت نے پاک چین دوستی کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوامی روابط، زبان سیکھنے کے مواقع اور تعلیمی و کاروباری تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
انہوں نے چائنا ونڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ثقافتی قربت سے پیدا ہونے والا اعتماد فنی اور صنعتی تعاون کی مضبوط بنیاد بن سکتا ہے۔
چین کے روایتی مڈ آٹم فیسٹیول کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندان کے ملاپ، شکرگزاری اور خوشیاں بانٹنے کا یہ تہوار پاکستان اور چین کی مشترکہ انسانی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
’چائنا ونڈو نوجوانوں کی فنی تربیت میں کردار ادا کرنے کا خواہاں‘
قبل ازیں چائنا ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز چینی زبان کی مفت کلاسوں اور ثقافتی و تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چائنہ ونڈو محکمہ صنعت کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی فنی تربیت میں کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
امجد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ چینی زبان پر عبور کے ساتھ فنی مہارت حاصل کرنے والے نوجوان صنعتی تعاون اور روزگار کے مواقع سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔














