مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں مگر بیان بازی میں احتیاط کی ضرورت ہے، پشاور کے شہریوں کی رائے

اتوار 18 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے پشاور کے شہریوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینیئر اور تجربہ کار سیاست دان ہیں، جن سے عوام سنجیدہ اور ذمہ دارانہ گفتگو کی توقع رکھتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق مولانا فضل الرحمان ملکی سیاسی معاملات میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور مشکل حالات میں بھی سیاسی رہنماؤں کو مشاورت فراہم کرتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینیئر سیاست دان کو اپنے خطاب میں ایسی باتوں سے گریز کرنا چاہیے جو سیاسی انتشار کا سبب بن سکتی ہیں۔

ان کے مطابق خیبرپختونخوا اس وقت دہشتگردی، امن و امان کی خراب صورتحال اور مہنگائی سمیت متعدد سنگین مسائل کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے مولانا فضل الرحمان کو چاہیے کہ وہ ان مسائل پر آواز اٹھائیں اور صوبے کے عوام کو درپیش مشکلات اجاگر کریں۔

گورنر راج کو حرام قرار دینے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو صوبے کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی یکجہتی اور امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دیکھا اور سنا جاتا ہے، لہٰذا سیاسی رہنماؤں کو ایسی گفتگو کرنی چاہیے جس سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔

شہریوں نے مزید کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھنا چاہیے، کیونکہ سیاسی کشیدگی اور انتشار سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

ان کے مطابق سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کرے اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کرے۔

بعض شہریوں نے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی بیانات دینے اور احتجاج کرنے کے بجائے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

شہریوں کے مطابق گورنر راج کے نفاذ پر بعض حلقوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کیے جانے کو بھی صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر عوامی ردعمل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp