گوگل میسجز کا نیا فیچر، لائیو لوکیشن کے ساتھ ٹریفک جام دیکھنا بھی ممکن

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن شیئر کرنے کے فیچر میں اہم تبدیلی متوقع ہے، جس کے بعد صارفین چیٹ سے باہر نکلے بغیر ٹریفک جام کی صورتحال دیکھ سکیں گے اور نقشے کے مختلف انداز بھی منتخب کرسکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق گوگل میسجز کے نئے بیٹا ورژن میں نقشے کے اوپری دائیں کونے میں ایک نیا آئیکون فعال کیا گیا ہے۔ اس پر کلک کرنے سے نقشے کے 3 انداز، ڈیفالٹ، سیٹلائٹ اور ٹیرین منتخب کرنے کا مینیو سامنے آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کروم نے اینڈرائیڈصارفین سے اچانک ایک اہم سہولت چھین لی

رپورٹ کے مطابق نقشے میں ’میپ ڈیٹیلز‘ الگ آپشن بھی موجود ہے، جس کے ذریعے حقیقی وقت میں ٹریفک کی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔

فی الحال گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن دیکھنے کے لیے صرف عام نقشہ دستیاب ہے، جس میں سیٹلائٹ یا ٹیرین کا انداز منتخب نہیں کیا جاسکتا۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی لوکیشن بھیجتے یا کسی دوسرے شخص کی لوکیشن دیکھتے ہوئے نقشے کا انداز تبدیل کرسکیں گے۔

سیٹلائٹ نقشے سے ایسی جگہوں کی شناخت میں مدد ملے گی جو عام نقشے پر واضح نہیں ہوتیں، مثلاً پارکنگ، اسٹیڈیم کے داخلی راستے یا کسی عمارت کے متعدد دروازے۔ اسی طرح ٹریفک کی تازہ صورتحال دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکے گا کہ راستے میں آنے والا شخص ٹریفک جام میں پھنسا ہوا ہے یا ابھی روانہ ہی نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: راستوں کی تلاش کے بعد گوگل میپس میں کھانا منگوانے کا فیچر متعارف کرائے جانے کی تیاریاں

رپورٹ کے مطابق گوگل کی فائنڈ ہب سروس میں بھی نقشے کے مختلف انداز منتخب کرنے کی سہولت متعارف کرائی جاچکی ہے۔ اس سے قبل سامنے آنے والی معلومات کے مطابق گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن شیئرنگ کا نظام فائنڈ ہب سے منسلک ہے، جس کی وجہ سے دونوں سروسز میں ملتے جلتے فیچرز شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

گوگل حالیہ عرصے میں میسجز کی ظاہری شکل اور استعمال کے طریقے میں تبدیلیاں کر رہا ہے، تاہم یہ نیا فیچر بنیادی طور پر صارفین کو چیٹ کے اندر رہتے ہوئے زیادہ معلومات اور سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp