اسٹار چارج اور میکڈونلڈز پاکستان کا الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور ماحول دوست بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک میں چارجنگ سہولیات کی توسیع کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داریاں جدید اور ماحول دوست بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ پاکستان کو صاف توانائی کی جانب منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت، چینی کمپنی سے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے لیے معاہدہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل پائیدار ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور ذمہ دارانہ سرمایہ کاری سے وابستہ ہے۔ نجی شعبہ صاف توانائی کے فروغ، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سرسبز پاکستان کی تعمیر کے لیے حکومتی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے۔
معاہدے کے تحت اسٹار چارج اور میکڈونلڈز پاکستان ملک بھر میں میکڈونلڈز کی موزوں شاخوں پر الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ اس اشتراک کے ذریعے اسٹار چارج کی جدید چارجنگ ٹیکنالوجی اور میکڈونلڈز کے وسیع صارفین کے نیٹ ورک کو یکجا کیا جائے گا، جس سے صارفین کو کھانے کے دوران اپنی الیکٹرک گاڑیاں چارج کرنے کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
دونوں ادارے چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے سے پہلے ممکنہ مقامات کی تکنیکی موزونیت، بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور تجارتی امکانات کا مشترکہ جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا صرف 5 منٹ میں چارج ہونے والی الیکٹرک گاڑیاں اب حقیقت بننے والی ہیں؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع سے روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے، ماحول دوست ذرائع آمدورفت کی حوصلہ افزائی اور توانائی کے مؤثر استعمال سمیت ماحولیاتی تحفظ کے قومی اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
رانا تنویر حسین نے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور معیشت کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسی جدید شراکت داریوں کی ضرورت ہے جو تکنیکی ترقی کو عوام کے لیے عملی سہولیات میں تبدیل کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ نیٹ ورک کی توسیع سے صارفین کو سہولت ملنے کے ساتھ پائیدار ترقی کے منصوبوں میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور شرکت کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم، وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صاف اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ سے فضائی آلودگی اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے ساتھ قومی معیشت کو زیادہ مستحکم اور پائیدار بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
رانا تنویر حسین نے اسٹار چارج اور میکڈونلڈز پاکستان کی جانب سے ماحول دوست بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون دیگر کاروباری اداروں کو بھی ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری اور اس نوعیت کے اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب دے گا۔











