وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویہ) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور سیکیورٹی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے داخلی سلامتی سے متعلق مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور سیکیورٹی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات میں پاکستان اور قطر کی وزارت ہائے داخلہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ داخلی سلامتی سے متعلق شعبوں میں باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔
قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہاکہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔










