ایران کے لیے جاسوسی کا شبہ، برطانوی پولیس نے 2 افراد دوبارہ گرفتار کر لیے

بدھ 21 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی پولیس نے ایران کی انٹیلیجنس سروس کی معاونت کے شبے میں 2 افراد کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں افراد پر شبہ ہے کہ وہ انگلینڈ میں امریکی زیرِ استعمال فضائی اڈے کے قریب پیش آنے والے واقعے سے متعلق تحقیقات میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:’پراسرار تنظیم‘ فری میسنری: برطانوی پولیس اپنی پالیسی پر ڈٹ گئی، آخر معاملہ کیا ہے؟

الجزیرہ اور خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، گرفتار افراد میں 24 سالہ برطانوی شہری اور 25 سالہ دوہری شہریت کے حامل برطانوی ایرانی شہری شامل ہیں۔ دونوں کو برطانیہ کے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت غیر ملکی انٹیلیجنس سروس کی معاونت کے شبے میں دوبارہ حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ معاملہ 27 ستمبر کو گلوسٹرشائر میں واقع رائل ایئر فورس کے فضائی اڈے فیئرفورڈ کے قریب پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اڈے کے قریب 3 مشتبہ وین موجود ہیں۔ بعد ازاں ان گاڑیوں سے آتش گیر مادہ، یعنی پیٹرول، ملنے کی تصدیق ہوئی، تاہم دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے کے رہائشیوں کو عارضی طور پر گھروں سے نکلنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔

برطانوی انسدادِ دہشتگردی پولیس کے سربراہ لارنس ٹیلر نے کہا ہے کہ تحقیقات انتہائی پیچیدہ ہیں اور حکام کے نزدیک ایرانی ریاست کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے۔ ان کے مطابق تفتیش کار یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ممکنہ ایرانی مداخلت کس نوعیت کی تھی اور اس کے پیچھے کیا مقصد تھا۔

مزید پڑھیں:سفید دم والے نایاب عقاب کہاں گئے؟ برطانوی پولیس گمشدہ پرندوں کا سراغ لگانے میں مصروف

رپورٹ کے مطابق، اس معاملے میں اب تک 7 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، تاہم کسی پر باضابطہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔ ایران نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے، جبکہ برطانوی حکام کی تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp