اسلام آباد پولیس نے کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے پیش نظر 21 اکتوبر 2026 کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشنز ہوں گی، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی متبادل گزرگاہیں
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق سری نگر ہائی وے پر سرینہ چوک سے نائنتھ ایونیو تک مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشنز ہوں گی۔
سری نگر ہائی وے پر سفر کرنے والے شہری سہروردی روڈ، جی ایٹ اور جی نائن کی سروس روڈز استعمال کریں، جبکہ زیرو پوائنٹ اور فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو اور نائنتھ ایونیو کی ٹریفک سروس روڈ ایسٹ استعمال کرے۔
ترجمان کے مطابق کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ایئرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور آئی جے پی روڈ سے ہوتے ہوئے فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔
اسی طرح کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں شہری لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد سے باہر جانے اور بہارہ کہو سے آنے والی ٹریفک کے لیے ہدایات
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد سے باہر جانے والے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں۔
اسی طرح بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو بنی گالا اور پارک روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ٹریفک ڈائیورشنز کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے، اس لیے شہری سفر کے لیے گھروں سے نکلتے وقت 20 سے 25 منٹ کا اضافی وقت رکھیں۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر موجود ہوں گے۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو مزید معلومات اور ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا صفحات فالو کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔










