وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری اسلام آباد کے علاقے جی ٹین میں مرحومہ طالبہ لائبہ اعجاز کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
محسن نقوی نے لائبہ اعجاز کیس میں ہونے والی پیشرفت سے اہل خانہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں پوری ٹیم نے دن رات محنت کی اور آپ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ہمارا فرض تھا۔
ملاقات کے دوران مرحومہ لائبہ اعجاز کے والد نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
لائبہ اعجاز کے والد نے کہاکہ ہم نے سنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، لیکن آج ہمیں اس بات کا یقین ہو گیا ہے۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ لائبہ اعجاز کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والا ملزم گزشتہ روز پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔










