وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس کو 4 ہفتوں کی مہلت دے دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صورتحال میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں جرائم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے مطابق پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مری پہنچ گئیں، اہم اجلاس اور ملاقاتیں متوقع
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں جرائم 41 فیصد، ملتان ریجن میں 47 فیصد، بہاولپور ریجن میں 52 فیصد اور گوجرانوالہ ریجن میں 67 فیصد کم ہوئے ہیں، جبکہ گجرات ریجن میں 58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مریم نواز شریف نے پولیس کو تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں میں گندم کی اسمگلنگ روکنے، رشوت ستانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا امن وامان پر خصوصی اجلاس
آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی
مریم نواز کا عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر اظہار برہمی، امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کیلئے چار ہفتوں کی مہلت۔
@KulAalam @AmirSaeedAbbasi https://t.co/Y72iTk8Vbe— Media Talk (@mediatalk922) October 22, 2026
انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تیز رفتاری کے خلاف یقینی کارروائی اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے، منشیات کے خاتمے، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ تمام آر پی اوز کو جرائم سے متعلق ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں ملتان واقعے سمیت سنگین جرائم پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آر ایم سی پولیس فورس کو سراہا اور دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جاں بحق پولیس افسران کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور پیکیج دینے کی ہدایت بھی کی۔










