پالتو جانوروں کے کھلونوں کا انتخاب احتیاط سے کریں، غیر محفوظ کھلونے جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پالتو جانوروں کو کھیلنے کے لیے کھلونے فراہم کرنا ان کی جسمانی سرگرمی اور ذہنی مصروفیت کے لیے مفید ہے تاہم نامناسب یا غیر محفوظ کھلونوں کا استعمال ان کی صحت کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ خاص طور پر ایسے کھلونے جن کے ریشے، دھاگے یا چھوٹے حصے الگ ہوکر جانور نگل سکتے ہوں بعض حالات میں سنگین طبی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’یورپ میں یہ کام کیا ہوتا تو 10 سال قید تو یقینی تھی‘، کتے پر ظلم کی بے رحمانہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل

برطانیہ میں ایک کتے کی موت کے واقعے نے پالتو جانوروں کے کھلونوں کی حفاظت سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد جانوروں کے مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کھلونوں کا انتخاب کرتے وقت ان کی ساخت، معیار اور اپنے پالتو جانور کی عادات کو مدنظر رکھیں، کیونکہ محض مہنگا یا معروف آن لائن پلیٹ فارم سے خریدا گیا کھلونا لازماً محفوظ نہیں ہوتا۔

رسی کے کھلونے سے کتے کی موت کا واقعہ

برطانوی علاقے لنکاشائر کے قصبے کوپل سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ انتونیا اسپیریٹ کے پانچ سالہ کتے کین کی موت آنتوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کے باعث ہوئی۔ کین کین کورسو نسل کا کتا تھا، جسے انتونیا نے بچپن سے پالا تھا۔

انتونیا کے مطابق وہ اپنے کتے کے ساتھ رسی کے کھلونے سے کھینچا تانی کا کھیل کھیل رہی تھیں۔ اس کے بعد کین نے کھانا کھانے سے انکار کردیا اور اس کے رویے میں بھی تبدیلی محسوس ہوئی۔

اگلے روز بھی کتے نے کھانا نہیں کھایا تو اسے فوری طور پر جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا جہاں معائنے کے بعد آنتوں میں رکاوٹ کی تشخیص ہوئی اور ہنگامی آپریشن کی ضرورت پیش آئی۔

انتونیا کے مطابق ڈاکٹر نے آپریشن کے دوران دیکھا کہ رسی کے کھلونے کا حصہ کتے کے معدے اور آنتوں میں پھنسا ہوا تھا۔ اس کے باعث آنتوں کو خون کی فراہمی متاثر ہوئی اور طبی کوششوں کے باوجود کین کی جان نہیں بچائی جاسکی۔

مزید پڑھیے: کتے انسانوں کے دوست کتنے ہزار سال پہلے بنے؟

انتونیا نے بتایا کہ ان کے لیے یہ صدمہ ناقابل بیان تھا۔ انہوں نے دوسرے مالکان کو خبردار کرنے کے لیے اپنے تجربے کو عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا، تاکہ کسی دوسرے شخص کو اپنے پالتو جانور کے حوالے سے ایسی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کھلونے کے ریشے کیسے خطرناک ہوسکتے ہیں؟

رسی، دھاگے یا کپڑے سے بنے بعض کھلونوں کو چباتے ہوئے ان کے ریشے الگ ہوسکتے ہیں۔ اگر جانور انہیں نگل لے تو یہ معدے یا آنتوں میں پھنس کر رکاوٹ پیدا کرسکتے ہیں۔

خاص طور پر دھاگے یا رسی جیسے لمبے اجزا پر مشتمل اشیا بعض اوقات آنتوں میں شدید پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ ایسی صورت میں آنتوں کی حرکت اور خون کی فراہمی متاثر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے جس کے لیے فوری طبی مداخلت درکار ہوسکتی ہے۔

یہ خطرہ صرف رسی کے کھلونوں تک محدود نہیں۔ پلاسٹک، ربڑ یا دیگر مواد سے بنے ایسے کھلونے بھی نقصان دہ ہوسکتے ہیں جن کے ٹکڑے آسانی سے الگ ہوجائیں یا جنہیں جانور نگل سکے۔

تاہم، ہر رسی کا کھلونا لازماً خطرناک نہیں ہوتا۔ خطرے کا انحصار کھلونے کی ساخت، معیار، جانور کے چبانے کے انداز اور اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ کھیل کے دوران کوئی حصہ الگ تو نہیں ہورہا۔

پالتو جانوروں کے لیے کھلونے خریدتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟

پالتو جانوروں کی حفاظت کے لیے مالکان کو کھلونے خریدتے اور استعمال کرتے ہوئے چند بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں۔

مناسب سائز کا انتخاب: ایسا کھلونا خریدیں جو جانور کے منہ کے مقابلے میں اتنا چھوٹا نہ ہو کہ آسانی سے نگلا جاسکے اور جسے استعمال کرتے ہوئے دم گھٹنے کا خطرہ پیدا نہ ہو۔

مزید پڑھیں: کیا انسان ریچھ، گھوڑے یا چیتے سے تیز دوڑ سکتا ہے؟ جانوروں کی رفتار سے متعلق دلچسپ تحقیق

مواد اور ساخت کا جائزہ: کھلونے میں ڈھیلے دھاگے، کمزور جوڑ، آسانی سے ٹوٹنے والے حصے یا ایسی اشیا نہ ہوں جو چبانے سے الگ ہوسکتی ہوں۔

کھیل کے دوران نگرانی: خاص طور پر رسی، دھاگے یا دیگر ایسے کھلونوں کے استعمال کے وقت جانور کو تنہا نہ چھوڑیں جن کے حصے نگلے جاسکتے ہوں۔

کھلونوں کی باقاعدہ جانچ: ہر استعمال سے پہلے دیکھیں کہ کھلونا پھٹا ہوا، ٹوٹا ہوا یا خراب تو نہیں۔ نقصان پہنچنے کی صورت میں اسے جانور کی پہنچ سے دور کردیں۔

جانور کی عادات کو مدنظر رکھیں: اگر پالتو جانور کھلونوں کو چبانے کے بجائے ان کے ٹکڑے توڑتا یا نگلنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے لیے زیادہ موزوں اور محفوظ متبادل منتخب کریں۔

مصنوعات کی ہدایات پڑھیں: خریداری سے پہلے کھلونے کے مواد، استعمال کی عمر اور سائز سے متعلق ہدایات کا جائزہ لیں۔ صرف قیمت، تشہیر یا آن لائن ریٹنگ کی بنیاد پر اسے محفوظ نہ سمجھیں۔

کھلونا نگلنے کا شبہ ہو تو کیا کریں؟

اگر پالتو جانور کسی کھلونے کا حصہ نگل لے تو ضروری نہیں کہ علامات فوراً ظاہر ہوں۔ کھانا چھوڑ دینا، قے، پیٹ میں درد، غیر معمولی سستی یا رفع حاجت میں دشواری آنتوں میں رکاوٹ کی ممکنہ علامات ہوسکتی ہیں۔

ایسی صورت میں فوری طور پر جانوروں کے ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے، خصوصاً اگر رسی یا دھاگے جیسی چیز نگلنے کا شبہ ہو۔ علامات ظاہر ہونے کا انتظار کرنا خطرناک ہوسکتا ہے۔

جانور کے منہ یا مقعد سے دھاگا یا رسی باہر نظر آئے تو اسے کھینچنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس سے اندرونی حصوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر قے کروانے یا کوئی گھریلو علاج آزمانے سے گریز کریں۔

جانوروں کی حفاظت کے لیے آگاہی ضروری

کین کی موت کے بعد انتونیا اسپیریٹ نے پالتو جانوروں کے کھلونوں کے حفاظتی معیار سے متعلق مزید قانون سازی کے مطالبے کے لیے ایک آن لائن پٹیشن بھی شروع کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے تجربے سے دوسرے جانوروں کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے۔

یہ بھی پڑھیے: ’ہم بھی فیشن کریں گے‘، ادیداس نے پالتو جانوروں کی سن لی، ماڈرن کلیکشن متعارف

پالتو جانوروں کی دیکھ بھال میں خوراک، رہائش اور طبی علاج کے ساتھ ان کے کھیلنے کے سامان کی حفاظت بھی اہم ہے۔ مناسب کھلونے منتخب کرنا، کھیل کے دوران نگرانی کرنا اور کسی بھی غیر معمولی علامت پر فوری طبی مدد حاصل کرنا سنگین حادثات کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp