دنیا کے معروف اسپورٹس و فیشن برانڈ ادیداس نے چین میں پالتو جانوروں کے لیے اپنی موسم سرما کی کلیکشن متعارف کرا دی جس کا مقصد پالتو جانوروں کو نہ صرف آرام دہ لباس فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں فیشن کی دنیا میں ایک نئی پہچان بھی دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک میں کتوں کا فیشن شو، نامور شخصیات کی شرکت، مقصد کیا تھا؟
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یکم اکتوبر کو لانچ ہونے والی ’ادیداس اوریجنلز پیٹ کلیکشن‘ فی الحال چین کے 3 بڑے شہروں بیجنگ، شنگھائی اور چنگدو میں منتخب اسٹورز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
اس کلیکشن میں 4 دلکش رنگوں (سیاہ، نیلا، سبز اور گلابی) میں جدید اور آرام دہ لباس شامل ہیں جن میں واٹر ریپیلنٹ ونڈ بریکرز، پیڈڈ ویسٹس، ٹریک سوٹس اور اعلیٰ معیار کے کاؤ ہائیڈ کالرز رکھے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: دنیائے فیشن کا اہم باب بند: جورجیو آرمانی نہیں رہے
ادیداس کی اس نئی کلیکشن میں سائزنگ کا دائرہ بھی وسیع کیا گیا ہے جو اب XS سے لے کر 2XL تک کے سائز میں دستیاب ہے تاکہ مختلف جسمانی ساخت رکھنے والے پالتو جانور بھی اپنی ’پرفیکٹ فِٹ‘ تلاش کر سکیں۔
یہ نئی کلیکشن نہ صرف انداز و فیشن کو مدِنظر رکھتی ہے بلکہ اس میں عملیت اور آرام دہ تجربے کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ مثلاً، ونڈ بریکر بارش سے محفوظ رکھنے والا ہے جبکہ ویسٹس سرد موسم میں گرمائش فراہم کرتی ہیں۔ یہ سب کچھ ادیداس کی مشہور ’تھری اسٹرائپس‘ اور ٹریفائل لوگو کے ساتھ ہے۔
ادیداس کا پالتو جانوروں کے لیے پہلا کلیکشن مئی 2025 میں صرف چین کے لیے لانچ کیا گیا تھا جسے صارفین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
اس کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے اب سردیوں کے لیے نیا سلسلہ متعارف کرایا ہے جو ’پیٹ پیرنٹ ویئر‘ کے رجحان کو مزید فروغ دے رہا ہے یعنی پالتو جانور اور ان کے مالک ایک جیسے فیشن میں نظر آ سکیں۔
مزید پڑھیں: نیویارک کا میٹ گالا آنجہانی فیشن ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ کے نام
اس کلیکشن میں پالتو جانوروں کے لیے بیگ پیک بھی شامل ہے جس میں وینٹیلیشن سسٹم اور ایک شفاف ٹریفائل ونڈو موجود ہے۔ یہ خصوصاً ان افراد کے لیے جو اپنے جانوروں کو ہمراہ لے کر سفر کرنا چاہتے ہیں۔
جانوروں کے یہ مزے فی الحال چین تک محدود
ادیداس کی یہ مکمل پالتو کلیکشن فی الحال صرف چین میں دستیاب ہے اور کمپنی کی جانب سے اسے عالمی سطح پر متعارف کرانے کے بارے میں تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
تاہم اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ مستقبل میں دیگر مارکیٹوں میں بھی اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔














