دنیا بھر میں مقبول آن لائن ویڈیو گیم ’پب جی‘ اب ٹی وی اسکرین پر بھی دھوم مچانے کی تیاری میں ہے۔ معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس اس گیم پر مبنی لائیو ایکشن سیریز بنانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس میں ہالی ووڈ اداکار ڈونلڈ گلوور مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ گلوور کے بھائی اسٹیفن گلوور اس سیریز کی کہانی تحریر کرنے کے ساتھ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ ڈونلڈ گلوور ’کمیونٹی‘ اور ’30 راک‘ جیسے ٹی وی شوز کے علاوہ اپنے مشہور گانے ’دِس اِز امریکا‘ کے باعث بھی شہرت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: ’پب جی‘ کے دیے گئے ٹاسک پر بینک ڈکیتی، ’گیمر‘ گرفتار، رقم و ہتھیار برآمد
واضح رہے کہ ’پب جی‘ کو 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ ایک آن لائن ملٹی پلیئر گیم ہے جس میں 100 کھلاڑی ایک میدان میں اترتے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرتے ہیں۔ کھیل کا مقصد تمام حریفوں کو شکست دے کر آخر تک میدان میں موجود رہنا ہوتا ہے جبکہ آخری کھلاڑی کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔
پاکستان میں بھی ’پب جی‘ کو نوجوانوں میں خاصی مقبولیت حاصل ہے تاہم اس کے پُرتشدد گیم پلے اور کم عمر کھلاڑیوں پر ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے ماضی میں تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز: پاکستان کی ’پب جی‘ ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا، ملک نے اب تک کتنے میڈل جیتے؟
نیٹ فلکس کی جانب سے ’پب جی‘ پر سیریز بنانے کا منصوبہ ویڈیو گیمز کو فلموں اور ٹی وی شوز میں ڈھالنے کی بڑھتی ہوئی کوششوں کا حصہ ہے۔ اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’اساسنز کریڈ‘ فرنچائز پر مبنی سیریز اور ’گیئرز آف وار‘ پر فلم بنانے کے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ ’مائن کرافٹ‘ اور ’کلاش آف کلینز‘ پر اینیمیٹڈ سیریز تیار کرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ ’سائبرپنک‘ اور ’ٹام کلینسیز اسپلنٹر سیل‘ پر مبنی اینیمیٹڈ شوز پہلے ہی نیٹ فلکس کے کیٹلاگ میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی لڑکی پب جی کھیلتے کھیلتے پاکستان کیسے پہنچی؟
یوں ’پب جی‘ پر مجوزہ سیریز نہ صرف گیم کے کروڑوں مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتی ہے بلکہ یہ دیکھنا بھی اہم ہوگا کہ بغیر کسی واضح مرکزی کہانی کے مشہور ہونے والی اس گیم کو ٹی وی ڈرامے کی صورت میں کس انداز سے پیش کیا جاتا ہے۔











