بالی ووڈ اداکار تشار کپور بھی بھتہ خوروں کے نشانے پر آگئے۔ اداکار کو نامعلوم شخص کی جانب سے 5 کروڑ بھارتی روپے بھتے کا مطالبہ کیے جانے اور رقم ادا نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی دینے والے شخص نے مبینہ طور پر اپنا تعارف ہیری باکسر کے نام سے کرایا جسے لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک بتایا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد تشار کپور نے ممبئی پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بالی ووڈ اسٹار غیر محفوظ، سلمان خان اور ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد امیتابھ بچن بلٹ پروف حصار میں چلے گئے
ممبئی پولیس کے اینٹی ایکسٹورشن سیل اور کرائم برانچ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرائم برانچ کی ٹیکنیکل ٹیم نے دھمکی آمیز کال کی آڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کے بعد اسے ہیری باکسر کی پہلے سے دستیاب آڈیو ریکارڈنگ سے ملایا۔
ابتدائی تجزیے میں دونوں آوازوں کے درمیان مماثلت سامنے نہیں آئی جس کے بعد تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے لارنس بشنوئی گینگ کا نام استعمال کرکے اداکار کو خوفزدہ کرنے اور بھتہ وصول کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ممبئی میں دھمکی آمیز ای میل، امیتابھ بچن کے گھر اور دلجیت کے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کا اعلان
پولیس حکام اب کال کرنے والے شخص کی شناخت اور اس کے ممکنہ ساتھیوں کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا یہ کسی فرد کی انفرادی کارروائی تھی یا اس کے پیچھے کوئی منظم گروہ ملوث ہے۔
تشار کپور بالی ووڈ کے معروف اداکار جیتندر اور فلم پروڈیوسر شوبھا کپور کے صاحبزادے ہیں جبکہ ان کی بہن ایکتا کپور بھارت کی معروف فلم اور ٹیلی ویژن پروڈیوسر ہیں۔
انہوں نے 2001 میں فلم ’مجھے کچھ کہنا ہے‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ ’کیا دل نے کہا‘ اور ’جینا صرف میرے لیے‘ سمیت متعدد فلموں میں دکھائی دیے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت اداکاروں کے لیے بھی غیر محفوظ؟ ٹائیگر شروف پر سرعام فائرنگ، حملے کی ذمہ داری کس نے قبول کی؟
تشار کپور کو کامیڈی کرداروں کے ذریعے خاصی مقبولیت حاصل ہوئی خصوصاً ’کیا کول ہیں ہم‘ سیریز اور روہت شیٹھی کی کامیاب فلم فرنچائز ’گول مال‘ میں ان کی اداکاری کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔
2011 میں ریلیز ہونے والی کرائم ڈرامہ فلم ’شور اِن دی سٹی‘ میں ان کی اداکاری کو ناقدین کی جانب سے بھی سراہا گیا جس میں انہوں نے کامیڈی سے ہٹ کر ایک مختلف اور سنجیدہ کردار نبھایا۔









