ممبئی میں دھمکی آمیز ای میل، امیتابھ بچن کے گھر اور دلجیت کے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کا اعلان

اتوار 25 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے گھر اور گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد ممبئی میں سیکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میئر ریتو تاوڈے کے دفتر کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں امیتابھ بچن کے جوہو میں واقع بنگلے ’جلسہ‘ اور 27 نومبر کو دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ پر حملے کی دھمکی دی گئی۔ ای میل میں شہر کے بعض اسکولوں اور میئر کے دفتر کو بھی نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا تھا۔

ممبئی پولیس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل ملنے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے دفتر کی تلاشی لی گئی، تاہم وہاں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ای میل بھیجنے والے کی شناخت اور دھمکیوں کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ مقامات پر سیکیورٹی بڑھانے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ای میل میں امیتابھ بچن کے گھر پر 31 اکتوبر سے 27 نومبر کے درمیان حملے کی دھمکی بھی دی گئی۔ دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ 27 نومبر کو ممبئی کے علاقے مہالکشمی ریس کورس میں شیڈول ہے۔

یہ دھمکیاں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب رواں ماہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے میں اداکار محفوظ رہے تھے، تاہم دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp