پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کاروبار کے ابتدائی اوقات میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے باعث انڈیکس میں تقریباً 1800 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 10 بج کر 50 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,791.25 پوائنٹس یعنی 1.08 فیصد اضافے کے بعد 168,355.31 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
مارکیٹ میں بینکنگ، سیمنٹ، آٹوموبائل، تیل و گیس اور توانائی سمیت اہم شعبوں کے حصص میں خریداری کا رجحان نمایاں رہا۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کی حالیہ لہر جغرافیائی سیاسی صورتحال کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی سوچ میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔
Buying interest was observed at the Pakistan Stock Exchange (PSX), with the benchmark KSE-100 Index gaining over 1,300 points during the opening minutes of trading on Tuesday.
Read more: https://t.co/f2uffSLZnX#stockexchange #PSX
— Business Recorder (@brecorder_com) November 3, 2026
ماہرین کے مطابق، مشرق وسطیٰ کے تنازع پر سفارتی رابطوں میں دوبارہ پیش رفت کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جو پاکستان کے لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس کا براہ راست اثر ملکی درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ اور مہنگائی پر پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں اصلاح کے بعد وہ سرمایہ کار جو محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے تھے، اب دوبارہ منتخب بڑی کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: لائیو اسٹاک اور زراعت پر توجہ دے کر ایک سال میں معیشت بہتر کی جا سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
ان میں بینکنگ، تیل و گیس کی تلاش اور سیمنٹ کے شعبے شامل ہیں، جہاں کمپنیوں کی آمدن کے مقابلے میں حصص کی قیمتیں نسبتاً پرکشش دکھائی دے رہی ہیں، ماہرین نے بھی مثبت رجحان کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ممکنہ پیش رفت کی توقعات کو قرار دیا۔
کاروبار کے دوران آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے اداروں کے حصص میں خریداری دیکھی گئی۔

اٹک ریفائنری، حبکو پاور، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان اسٹیٹ آئل، ایس ایس جی سی، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور نیشنل بینک سمیت کئی اہم کمپنیوں کے حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز پیر کو بھی پی ایس ایکس میں معمولی تیزی رہی تھی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 154.81 پوائنٹس یعنی 0.09 فیصد اضافے کے بعد 166,564.07 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: لائیو اسٹاک اور زراعت پر توجہ دے کر ایک سال میں معیشت بہتر کی جا سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں منگل کو ملا جلا رجحان رہا۔ ایشیائی مارکیٹوں میں سرمایہ کار امریکی وسط مدتی انتخابات کے آغاز سے قبل محتاط دکھائی دیے، جبکہ وال اسٹریٹ میں بھی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی آمدن سے متعلق خدشات کے باعث کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی منڈیوں کی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت آئندہ دنوں میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے رجحان پر اثرانداز ہونے والے اہم عوامل قرار دیے جا رہے ہیں۔











