اسپین کے فٹبال کلب ٹینیرائف کے اسٹرائیکر جیسس ڈی میگوئل 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں ایک روز قبل میچ کے دوران حریف گول کیپر سے ٹکرانے کے بعد دل کا دورہ پڑا تھا۔
اسپینش سیکنڈ ڈویژن میں ٹینیرائف اور آندورا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ انجری ٹائم کے 7ویں منٹ میں اس وقت روک دیا گیا جب جیسس ڈی میگوئل حریف ٹیم کے گول کیپر جیسس اوونو سے ٹکرانے کے بعد گراؤنڈ میں گر پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: برازیل کے سابق فٹبالر روبرٹو کارلوس مسلمان ہوگئے، ترک رکن پارلیمنٹ کا دعویٰ
واقعے کے دوران آندورا کے گول کیپر جیسس اوونو اپنے پینالٹی ایریا سے باہر نکل کر ایک لمبی گیند کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان کا گھٹنا ڈی میگوئل کے سینے سے جا ٹکرایا، جس کے بعد فٹبالر زمین پر گر گئے اور حرکت کرنے کے قابل نہ رہے۔
Spanish police have opened a manslaughter investigation after soccer player Jesus de Miguel died following an on-field collision.
De Miguel was running down the field when he collided with goalkeeper Jesús Owono.
The soccer player was rushed to the hospital before he was… pic.twitter.com/TQjMIjKRK2
— Collin Rugg (@CollinRugg) November 3, 2026
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے فوری طور پر طبی امداد طلب کی، جبکہ گول کیپر اوونو کو براہ راست ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
طبی عملے نے گراؤنڈ میں 5 منٹ سے زائد وقت تک ڈی میگوئل کو طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ٹینیرائف کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شدید صدمے اور ناقابلِ یقین دکھ کے عالم میں اپنے کھلاڑی جیسس ڈی میگوئل المیڈا کے المناک انتقال کی اطلاع دے رہا ہے۔

دوسری جانب ہسپانوی پولیس نے ڈی میگوئل کی موت کے حوالے سے ممکنہ طور پر غیر ارادی قتل کے معاملے پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
تاہم جزائرِ کینری کے عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ اسپین کے قانون کے تحت ہر ایسی موت جسے غیر فطری قرار دیا جائے، اس کی عدالتی تحقیقات معمول کا طریقہ کار ہیں۔
مزید پڑھیں: فٹبالر محمد صلاح کی ایک تصویر نے چٹان کو سیاحتی مقام بنا دیا
واقعے کے بعد آندورا کے گول کیپر جیسس اوونو نے منگل کی صبح اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی غیر فعال کر دیا، واقعے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور نامناسب پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔
آندورا فٹبال کلب نے اپنے بیان میں ٹینیرائف کے غم میں برابر کی شرکت کا اظہار کرتے ہوئے اتوار کو آر سی ڈی مالورکا کے خلاف ہونے والے اپنے اگلے میچ کو ملتوی کرنے کی درخواست بھی کر دی۔
اسپین میں فٹبال میچز ملتوی
جیسس ڈی میگوئل کے انتقال پر اسپینش فٹبال فیڈریشن نے منگل کے روز ہونے والے تمام میچز ملتوی کر دیے، جن میں کوپا ڈیل رے اور کوپا ڈی لا رینا کے مقابلے بھی شامل تھے۔
فیڈریشن نے اسپین کی انڈر 21 ٹیم اور جاپان کے درمیان میچ کی باضابطہ تقریب بھی منسوخ کر دی تاکہ مرحوم کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور ٹینیرائف کے مداحوں سے اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے۔

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے بھی اعلان کیا کہ اس ہفتے یورپ بھر میں ہونے والے تمام مقابلوں سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ منگل کو چیمپئنز لیگ میں اٹلیٹیکو میڈرڈ، بارسلونا اور ویارئیل کی ٹیمیں بھی ایکشن میں تھیں۔
یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جیسس ڈی میگوئل کے انتقال پر فٹبال کی دنیا غمزدہ ہے اور اس موقع پر الفاظ ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔
جیسس ڈی میگوئل 1996 میں میڈرڈ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 2025-26 کے سیزن سے قبل کاسٹیلون کلب چھوڑ کر ٹینیرائف میں شمولیت اختیار کی تھی اور گزشتہ سیزن میں 11 گول اسکور کیے تھے۔











