نواز شریف اب پہلے کی طرح سیاست میں متحرک نہیں رہے، فیصلوں میں ان کی رہنمائی شامل ہے، ن لیگی رہنما سعد وسیم شیخ

ہفتہ 7 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اب سیاست میں پہلے کی طرح متحرک کردار ادا نہیں کر رہے تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ سیاسی معاملات سے الگ ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی پہلے ہی نافذ ہوجانی چاہیے تھی، نواز شریف بھی بول پڑے

وی ایکسکلوسو میں گفتگو کرتے ہوئے سعد وسیم شیخ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج بھی ان کے وژن اور ہدایات کے مطابق حکومت چلا رہے ہیں اور میڈیا میں یہ تاثر دینا درست نہیں کہ نواز شریف سیاسی منظرنامے سے غائب ہوگئے ہیں، انہوں نے پنجاب میں ہونے والے کئی اہم اجلاسوں کی صدارت بھی کی ہے۔

سعد وسیم شیخ نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کی ضرورت تو موجود ہے تاہم ان کے خیال میں یہ ترمیم فوری طور پر نہیں ہونے جا رہی تاہم اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک جگہ جمع ہونا اور اس معاملے پر متفق ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک کے تمام مسائل کا حل صرف نئے صوبے بنانے میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نئے صوبے بنا دیے جائیں تو کیا اس سے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ نئے صوبے بنانے کا بنیادی مقصد نظامِ حکمرانی (گورننس) کو بہتر بنانا ہے لیکن اگر نئے صوبے قائم کرنے کے باوجود انتظامی نظام درست نہیں ہوتا تو پھر اس اقدام کا کیا فائدہ ہوگا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر صوبوں کے حوالے سے کوئی نیا فیصلہ کیا جاتا ہے تو یہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ کے اہم ترین فیصلوں میں سے ایک ہوگا۔

مزید پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مری پہنچ گئیں، اہم اجلاس اور ملاقاتیں متوقع

سعد وسیم شیخ نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے قیام کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو سیاسی طور پر کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا مؤقف تھا کہ ہمیں اپنی سیاست کے بجائے پاکستان کو بچانے اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے محفوظ رکھنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کو سیاسی نقصان ضرور پہنچا، تاہم پارٹی کافی حد تک اس نقصان کا ازالہ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور متعدد اصلاحات متعارف کرائیں، جن کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) اپنا کھویا ہوا سیاسی مقام کسی حد تک واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ایک عام شہری کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دینے پر سات دن کے اندر اس کی زمین کا قبضہ واپس دلا دیا جاتا ہے جبکہ ماضی میں ایسے معاملات کے حل کے لیے دہائیاں لگ جایا کرتی تھیں۔

 مزید پڑھیں: نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں بھی موٹروے کی بنیاد رکھی، دورے پر خوشی ہوئی، عطا تارڑ

انتخابی اصلاحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعد وسیم شیخ نے کہا کہ سنہ 1970 کے بعد سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کسی نہ کسی موقعے پر انتخابی دھاندلی کی شکایات کرتی رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی ایک جماعت دوسری جماعت پر یہ الزام عائد کرتی ہے کہ اسے انتخابی عمل میں حمایت فراہم کی گئی تو کبھی کسی دوسری جماعت کے حق میں حمایت اور سرپرستی کے الزامات سامنے آتے ہیں۔

انتخابی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کو بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننا چاہیے اور اس عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کا دورہ ناران، ’مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف کو کہوں گا‘

سعد وسیم شیخ نے تمام سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تحفظات کمیٹی کے سامنے رکھیں تاکہ ان پر بات چیت کے ذریعے قابل عمل حل تلاش کیا جاسکے اور انتخابی نظام میں ضروری اصلاحات متعارف کرائی جاسکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

لڑکیوں کو حقیقی زندگی میں ’ابوبکر‘ چاہیے تو بیٹوں کی تربیت بھی ایسی کرنا ہوگی، سعدیہ امام

پی ایل ایل نے ایل این جی خریداری کے لیے بولیاں جمع کرانے کی تاریخ میں 4 روز کی توسیع کر دی

شہزادہ ہیری کی سسرالی فیملی میں نیا تنازع، میگھن مارکل کے والد سنگین الزامات کے تحت گرفتار

پاکستان اور سوڈان کا سیکیورٹی اور سائبر کرائم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

بھارت: اپوزیشن رکن پارلیمان پر قاتلانہ حملہ، بی جے پی ذمہ دار قرار، ابھیشیک بینرجی کی عدلیہ اور پولیس پر سخت تنقید

ویڈیو

اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں اینٹی اسموگ گنز کا دائرہ وسیع، لاک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں

ترقی کے سفر میں لیہ کب شامل ہوگا؟ شہری بڑے ترقیاتی منصوبوں کے منتظر

10 روپے کا نوٹ بند ہونے سے شادیوں کی رونق اور محنت کشوں کی آمدن متاثر ہونے کا خدشہ

کالم / تجزیہ

امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟