پاکستان گندھارا کانفرنس کا ٹیکسلا اعلامیہ جاری کرے گا، ڈاکٹر رمیش کمار

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گندھارا سیاحت پر وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کے چیئرمین اور وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے گندھارا سمپوزیم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس اہم پیش رفت کا ٹیکسلا اعلامیہ جلد جاری کرے گا۔

اسلام آباد میوزیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں یہ سمپوزیم کامیاب رہا جس میں 30 سے زائد ممالک کی شرکت ثقافتی سفارتکاری کے ضمن میں مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق انہوں نے وزیراعظم ٹاسک فورس کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وقت کم تھا۔ ’ہم نے ہر بدھ کو بدھا ڈے منایا اور گندھارا پر پہلی عالمی کانفرنس کی جس میں 20 سفارتکاروں سمیت اور 70 مشن کی شرکت نے اس پروگرام کو انتہائی کامیاب بنایا۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کے بہت سے تاریخی مقامات موجود ہیں۔ ’گندھارا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ثقافتی سفارتکاری اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا تھا۔ ہم ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کے تحت عالمی گندھارا کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو بدھ مت کے اکثریتی ممالک کے مزید قریب آنے کا موقع ملا ۔ ثقافتی سفارتکاری میں یہ سیاحتی ایونٹ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اس موقع پر بتایا کہ ٹیکسلا اعلامیہ کا ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے جو اس مقصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور انکو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp