وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہےکہ پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت انداز میں بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کے لیے گزشتہ روز ملک گیر کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یوتھ اسپورٹس انیشیٹو کا آغاز کیا ہے۔
بدھ کو اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر بد قسمتی سے نا صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی کھیلوں کے لیے بھی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ اس کے پیش نظر ہم نے ملک کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اور اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔
پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت انداز میں صرف کرنے کے مواقع فراہم کیلئے میں نے گزشتہ روز ملک گیر کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو (Prime Minister's Youth Sports Initiative)کا آغاز کیا ہے۔ پاکستان کی آبادی کی اکثریت… pic.twitter.com/mWZkkJQhOv
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 19, 2023
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ باصلاحیت اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، بین الاقوامی مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کی تربیت اور دیگر اقدامات سے ملک بھر میں کھیلوں کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو جب جب بھی موقع دیا گیا انہوں نے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم کو اپنی اچھی کارکردگی سے سربلند کیا۔
’مجھے یہ بھی ادراک ہے کہ یہ اقدامات ناکافی ہیں مگر یہ ایک اچھا آغاز ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ آئندہ حکومتیں ان اقدامات کا تسلسل قائم رکھیں گی‘۔