قوم رسول ﷺ کی ہدایت کی روشنی میں مختلف عقائد کے درمیان اتحاد و بھائی چارہ اپنائے، نگراں وزیراعظم

جمعرات 28 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم رسول ﷺ کی ہدایت کی روشنی میں مختلف عقائد کے درمیان اتحاد و بھائی چارہ اپنائے۔

اپنے پیغام میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ آئیے بحیثیت قوم ہم بھائی چارے، محبت اور ہمدردی کی ان اقدار پر عمل پیرا ہوں جو رسول ﷺ نے وضع فرمائی ہیں اور ہم تمام مسلمانوں اور مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے لیے ان کے پیغام کو مشعل راہ بنائیں اور رواداری اور بقائے باہمی کا نمونہ بننے کی بھرپورکوشش کریں۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسول ﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ العالمین ہیں اور آپ ﷺ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابلِ تقلید ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اورمحبت کی ایک تابندہ مثال ہے اور آپ ﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں جن سے ہمیں احسان، انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے جو کہ آج کی منقسم دنیا میں امید کی شمع کی مانند ہے‘۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مملکت پاکستان اس وقت مختلف مشکلات سے نبرد آزما ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اس نازک صورتحال میں اپنے پیارے نبی ﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کریں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’اس مبارک موقع کی مناسبت سے ہم  معاشرے کےان لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو کمزور اور مفلوک الحال ہیں اور ہماری مدد کے منتظر ہیں چوں کہ نبی کریم ﷺ نے معاشرے میں ضرورت مندوں اور کمزوروں کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے اس لیے آئیے ہم مل کر مشکلات سے دوچار افراد کی مدد کریں اور ضرورت مندوں کے لیے مہربانی کا ہاتھ بڑھائیں اور سب کے لیے ایک بہتر مساوی معاشرے کی تعمیر کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ آج کا با برکت دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم وہ اقدار اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اختیار کریں گے جن کی بنیاد آپ ﷺ نے ڈالی.

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ’میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمارے ملک پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو مل کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بابر اعظم کی بیٹنگ میں تکنیکی خامی کی نشاندہی، محمد یوسف نے اہم مسئلہ بتا دیا

اسلام آباد کی خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام کا اعلان

انسٹاگرام پر 90 منٹ تک کی طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کا نیا فیچر متعارف

سی پیک نے معیشتوں کو جوڑا، چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور ذہنوں کو جوڑے گا، عطا اللہ تارڑ

سیکیورٹی فورسز کے 67 بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز: داعش کے 50 سے زائد دہشتگرد ہلاک، 100 سے زائد گرفتار

ویڈیو

پاکستانی ہر حال میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں، شاہراہ دستور پر ارکان پارلیمنٹ اور عوام کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

5 باہمت بہنوں نے روایتی ذائقوں کو روزگار کا ذریعہ بنا لیا، کوئٹہ کے رامین ریسٹورنٹ کی منفرد کہانی

چار دیواری نہ سیکیورٹی، پنو عاقل کے 105 سال پرانے تھانے میں قانون کے محافظ کیسے کام کرتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

27 اکتوبر، یوم سیاہ: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

تحریک انصاف : رُل تے گئے آں پر چس بڑی آئی اے

درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں