آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی کی سرپرائز اینٹری کو جنوبی افریقہ کے لیجنڈ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے خوب سراہا ہے۔
ایک بھارتی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیل اسٹین نے کہا کہ جب عین ورلڈ کپ سے پہلے آپ کا اہم ترین بولر انجرڈ ہو جائے تو اس سے ٹیم کا مورال ضرور نیچے جاتا ہے مگر حسن علی نے پہلے میچ میں نئی گیند کے ساتھ بولنگ کروا کے نسیم شاہ کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی نے 145-140 سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اپنی لائن اور لینتھ کے ساتھ بہت متاثر کیا۔
ڈیل اسٹین کا پاکستان کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں حسن علی کی نیدر لینڈز کے خلاف کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ گیم کے دوران حسن علی کے چہرے پر مسکراہٹ رہتی ہے، اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ میچ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ جب آپ میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں تو آپ کے لیے معاملات آسان ہو جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ حسن علی نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، یوں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
فاسٹ بولر حسن علی کو نسیم شاہ کی جگہ ورلڈ کپ سے چند روز قبل ٹیم میں شامل کیا تھا۔ نسیم شاہ گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے دوران کندھے کی تکلیف کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تھے۔