نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ان سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات میں امریکی سفیر نے افغان مہاجرین کی امریکا میں آباد کاری اور ان کی محفوظ منتقلی کے معاملے پر گفتگو کی۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے امریکی سفیر کو اس حوالے سے کیے گئے حکومتی اقدامات کے علاوہ ملکی معیشت کے استحکام اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال سمیت علاقائی امور اور اہم دو طرفہ معاملات بھی زیر بحث آئے۔
یاد رہے اس سے پہلے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 25 اگست کو ملاقات کی تھی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے امریکا کی خواہش کا اعادہ کیا تھا۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے.