سائفرکیس سننے والا بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس ارباب محمد طاہر الگ ہوگئے
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل اور جج کی تعیناتی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کا کیس سننے والا بینچ ٹوٹ گیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے خود کو بنچ سے الگ کرلیا۔
بینچ سے الگ ہونے والے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ وہ پہلی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی طرف سے دی گئی ابزرویشنز سے متفق ہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر کے مطابق انہوں نے درخواست ہے کہ ان کے علاوہ کسی اور جج پر مشتمل 2 رکنی بنچ کے سامنے یہ اپیل مقرر کی جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر کی بینچ سے علیحدگی پر اب جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ساتھ جسٹس ثمن رفعت آج سماعت کریں گی۔
شاہ محمود قریشی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی اجازت
دوسری طرف آفیشل سیکرٹ عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جیل انتظامیہ کی درخواست پر اجازت دیدی۔
جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے ٹیسٹ کرانے ہیں، جیل ڈاکٹر کی ایڈوائس پرانہیں پمز منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دیدی۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی سائفر کیس میں جوڈیشل پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔














