امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے پاکستان کے دورے پر آئے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید نے جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
مزید پڑھیں
آرمی چیف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین سے بے پناہ عقیدت رکھتے ہیں۔
آرمی چیف سےملاقات کے دوران امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے، اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔دونوں معزز شخصیات نے غزہ تنازع میں جاری اسرائیلی مظالم اور مقبوضہ جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی اور فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
Army Chief General Syed Asim Munir, Imam-e-Kaaba Sheikh Saleh bin Abdullah bin Muhammad Humaid condemn ongoing atrocities in Gaza & oppression of Muslims in #IIOJK https://t.co/lrwG7jSFY5
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) November 24, 2023
آرمی چیف نے ملاقات کے دورن معزز مہمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی تاریخی مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک گہرے برادرانہ رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مملکت سعودی عرب سے گہری عقیدت رکھتے ہیں ۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان نظریاتی اتحاد پر مبنی مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔آخر میں امام کعبہ نے امت کے لیے امن، استحکام اور اتحاد کی دعا کی۔