سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہوگی

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔ نواز شریف جاتی امرا لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ دن 2 بجے کے بعد کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بینچ میں شامل ہوں گے۔

نواز شریف کی جانب سے وکیل امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ دلائل دیں گے۔ گزشتہ سماعت پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے تھے کہ نوازشریف کیخلاف العزیزیہ کیس میں کبھی میرٹ پر دلائل نہیں سنے گئے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر 2018 میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نوازشریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نوازشریف نے 2018 میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

احتساب عدالت نے جولائی 2018 میں نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ اور 10 سال سزا سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی ایون فیلڈ ریفرنس میں شریک ملزم مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بری کرچکی ہے۔

نواز شریف کی پیشی کے پیش نظر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکلر جاری کر رکھا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ سخت سیکیورٹی انتظامات کریں۔

سرکلر کے مطابق کورٹ روم نمبر 1 میں وکلا اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین اور عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

نواز شریف کے ساتھ 15 وکلاء و لیگی رہنماؤں کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔ اٹارنی جنرل، ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا کمرہ عدالت جاسکیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب کی نگران حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کردی تھی۔ نگران پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سزا معطلی کی منظوری دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp