بلاول بھٹو کی شادی کی خبریں آج کل زیر گردش ہیں جب کہ آج سے تقریبا 5 برس قبل بھی بلاول بھٹو کی شادی کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں لیکن اس وقت بھی کہا جاتا رہا کہ بلاول بھٹو کی بہنیں اپنے بھائی کے لیے رشتہ دیکھ رہی ہیں۔
تب بھی سنہ 2018 کے الیکشن ہونے والے تھے اور اب بھی سنہ 2024 کے الیکشن سر پر ہیں اور بلاول بھٹو کی شادی کی خبروں کے حوالے سے دوبارہ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
بھٹو خاندان کے قریبی ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ اس مرتبہ بلاول بھٹو کی شادی کی خبروں میں صداقت ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی بھی خواہش ہے جس کا وہ اظہار بھی کرچکے ہیں کہ ان کی زندگی میں ان کے بیٹے کی شادی ہوجائے۔
آصف زرداری کی اس حوالے سے بات پر بلاول بھٹو نے بھی رضامندی کا اظہار کیا ہے اور ان کی بہنیں، پھوپھا اور والد رشتہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فروری میں الیکشن کے بعد بلاول بھٹو دلہا بن جائیں گے کیوں کہ بھٹو خاندان بلاول بھٹو کی شادی کے لیے بے تاب ہے۔
بلاول بھٹو اپنی پسند کی شادی بھی کر سکتے ہیں؟
وی نیوز کو بھٹو خاندان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اگر بلاول بھٹو کو کوئی پسند ہوگا تو آصف زرادری اس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھائیں گے لیکن بلاول بھٹو نے اب تک کسی سے بھی ایسی کوئی بات شیئر نہیں کی ہے تاہم خاندان کی جانب سے ان پر دباؤ ہے کہ وہ جلد ہی شادی کرلیں۔