عمران خان کی 5 سالہ نا اہلی اور انٹرا پارٹی الیکشن کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

جمعرات 7 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی 5 سالہ نااہلی اور الیکشن کمیشن کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ آئینی درخواستیں پی ٹی آئی اور سابق چئیرمن تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئیں۔

سابق چیئرمین تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر کردہ درخواست کے مطابق گزشتہ برس 10 جون کو قانون اور آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے گئے، الیکشن کمیشن نے 20 دن کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا غیر قانونی حکم پاس کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا حکم غیر قانونی اور آئین کے بھی منافی ہے، لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم کالعدم قرار دے اور عدالت دس جون 2022 کو کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن کودرست قرار دے۔

دوسری جانب سابق چئیرمن پی ٹی آئی نے 5 سال کے لیے نااہلی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو 5 سال کے لیے نااہل کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا۔

درخواست میں یہ بھی لکھا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، تاہم درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے جانب سے 5 برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دیا جائے، اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp