بلوچستان کے ضلع خضدار میں دھماکا، ایس ایچ او سی ٹی ڈی شہید

اتوار 10 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع خضدار میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی محمد مراد جاموٹ شہید ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق محمد مراد جاموٹ کی گاڑی سلطان ابراہیم روڈ پر دھماکے کی زد میں آئی اور اس دوران وہ جام شہادت نوش کر گئے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیے گئے دھماکے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی، دھماکے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے گئے تاکہ تخریب کاری میں ملوث عناصر کا پتا لگایا جا سکے۔

ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، نگراں وزیراعظم

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خضدار میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے دھماکے میں سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دہشتگردی ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے، نگراں وزیر داخلہ

اس کے علاوہ نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بھی خضدار حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردی ایک بہت بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کو لڑنی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سی ٹی ڈی کی نہیں سب کی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے بھی خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے مقامی پولیس افسر کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جانی، مالی تحفظ اور بحالی امن پر مامور سیکیورٹی فورسز پر حملہ قابل مذمت ہے، اس میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp