غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار: بشریٰ بی بی ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں، محفوظ فیصلہ جاری

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔ عدالت نے مزید سماعت 14 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

سینئر سول جج قدرت اللہ کی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، ان کی ای اٹینڈنس کرائی جائے۔ عدالت نے دفعہ 496 بی میں بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔

اس قبل سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کے قابلِ سماعت ہونے کے معاملے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت سول جج قدرت اللّٰہ نے کی تھی۔ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے پیش ہو کر اپنی حاضری لگوائی تھی۔

درخواست گزار خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل دینے کی استدعا کی تھی۔ سول جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے تھی کہ آپ قانون دیکھ لیں، قانون 496 بی کے حوالے سے کیا کہتاہے۔ خاورمانیکا کا بیان آپ دیکھ لیں، کچھ بھی نہیں ہے بیان میں، قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ 2 گواہ لازم ہیں۔

رضوان عباسی نے موقف اختیار کیا تھا کہ خاورمانیکا کو ملا کر 2 گواہ تو بن گئے۔ اس پر جج نے کہا تھا کہ خاورمانیکا کو آدھا شکایت کنندہ اور آدھا گواہ تو نہیں بنا سکتے۔ اس پر رضوان عباسی نے کہا تھا کہ نکاح خواں بھی موجود ہے، چشم دید گواہ بھی، سننے والا بھی ہے۔

عدالتی استفسار پر رضوان عباسی نے بتایا کہ میڈیکل کی ضرورت نہیں ہوگی۔ زنا کے کیس میں طبی معائنے کے حوالے سے مختلف وضاحتیں ہیں، خاورمانیکا کو نوکر نے بتایا کہ اس نے زنا ہوتے دیکھا تھا، 496 بی کا ٹرائل کی اسٹیج پر دیکھ لیں گے، وکیل درخواست گزار نے دلائل مکمل کرتے ہوئے عمران خان اور بشری بی بی کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp