ڈی آئی خان میں دہشتگردی پر افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں دہشتگردی کے واقعے پر افغان عبوری حکومت سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان عبوری حکومت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان حکومت مقامی سطح پر ڈی آئی خان واقعے کی مذمت کرے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈی آئی خان میں دہشتگرد حملے کی ذمہ داری تحریک جہاد پاکستان نامی دہشت گرد تنظیم نے قبول کی ہے۔

ترجمان کے مطابق مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کرے۔ حملے کے ذمہ داروں اور طالبان قیادت کو پکڑ کر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ترجمان نے کہاکہ ڈی آئی خان حملہ خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرے کی یاد دہانی ہے، پاکستان پرعزم ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب مشتبہ سرگرمیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، تاہم درابن کے علاقے میں سیکیورٹی پوسٹ پر خود کش حملے میں 23 اہلکار بھی شہید ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp