غیر شرعی نکاح کیس: 10 جنوری کو فرد جرم عائد کرنے سے متعلق تحریری حکمنامہ جاری

جمعرات 4 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کے مقدمے میں عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج قدرت اللہ نے تحریری حکمنامے میں کہا کہ مقدمے سے متعلق تمام دستاویزی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی جاتی ہیں، فرد جرم 10 جنوری 2024 کو عائد کی جائے گی، ملزمان کے وکلا کی جانب سے عوام اور میڈیا نمائندگان کی وافر تعداد کو عدالت تک رسائی کی استدعا کی گئی، عدالت میں عوام اور میڈیا نمائندگان کی موجودگی کے حوالے سے عدالت 22 دسمبر کو حکمنامہ جاری کرچکی ہے۔

عدالت نے اپنے حکمنامے میں کہا کہ سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت کے 22 دسمبر کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، عدالت میں عوام کی تعداد اور سیکیورٹی امور سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کا دائرہ اختیار ہے، سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں جگہ کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام اور میڈیاکی تعداد سے متعلق فیصلہ کریں۔

واضح رہے کہ 22 دسمبر کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان کی اہلیہ کی عدالت میں عدم پیشی پر اظہار برہمی کیا تھا۔ اس سے قبل 18 دسمبر کو ہونے والی سماعت پر عدالت نے کیس کا اوپن ٹرائل جیل سمیت کسی بھی محفوظ مقام پر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp