پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت میں شمولیت کے لیے پنجاب میں بھی 2 وزارتیں مانگ لیں

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات کے بعد وفاق میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے رضا مندی ظاہر کردی لیکن پنجاب میں بھی 2 وزارتیں مانگ لیں۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ساتھ آئینی عہدوں پر مسائل حل ہوگئے ہیں، پیپلز پارٹی نے پنجاب میں شیئر مانگا ہے جس پر ن لیگ نے رضا مندی ظاہر کی ہے۔

مزید پڑھیں

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کابینہ میں پیپلز پارٹی کو ایک سے 2 وزارتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نواز شریف نے وفاقی حکومت لینے کی مخالفت نہیں کی منصفانہ فارمولے کی بات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت سازی میں تاخیر مسائل کو بڑھا رہی ہے، اگر مزید تاخیر ہوئی تو حکومت بنانے میں مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک تفصیلی اجلاس ہوا جس میں دونوں اطراف کی جانب سے دی گئی تجاویز پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور معاملات پر پیش رفت ہوئی۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید سفارشات کے لیے بروز پیر دوبارہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp