شاہ رخ خان نے گوری خان سے ایک دن میں 3 شادیاں کیوں کیں؟

جمعرات 22 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اپنے اسٹائل اور اداکاری میں ہی نہیں بلکہ ذاتی زندگی سے جڑے ہر پہلو میں منفرد نظر آتے ہیں۔ گوری خان سے ان کی شادی بھی کچھ ایسا ہی معاملہ ہے۔ شاہ رخ خان اور گوری خان کی شادی کو 32 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے۔ شاہ رخ خان کی شادی کی منفرد بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی اکلوتی بیوی گوری خان سے ایک ہی دن میں ایک نہیں بلکہ 3 بار شادی کی ہے۔

فلم پروڈیوسر اور ایکٹر ویوک واسوانی شاہ رخ خان کی شادیوں کے چشم دید گواہ ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان اور گوری خان ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور انہوں نے 1991 میں شادی کی تھی۔

ویوک واسوانی کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان اور گوری خان کی شادی ہندو اور مسلم رسم و رواج کے علاوہ عدالت میں بھی ہوئی تھی اور یہ تینوں شادیاں ایک ہی دن ہوئیں۔ ویوک واسوانی نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی شادی کی تقریبات نہایت شاندار اور کھانا بہت مزیدار تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ شادی ہر لحاظ سے بہتر تھی، شاہ رخ خان، گوری خان، ان کے بھائی، بچپن کے دوست اور تمام عزیز و اقارب سبھی بہت خوش تھے۔

ویوک واسوانی نے مزید بتایا کہ جس وقت شاہ رخ خان کی شادی ہوئی وہ ان دنوں ان کے ساتھ ان کے والدین کے گھر میں ہی رہتے تھے، شادی کے بعد شاہ رخ خان فلم ساز عزیز مرزا کے اپارٹمنٹ میں شفٹ ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد وہ گوری خان کو ڈارجلنگ لے گئے تھے جہاں ان کی مشہور فلم ’راجو بن گیا جینٹلمین‘ کے گانے کی شوٹنگ ہونا تھی۔

ویوک واسوانی کی شاہ رخ خان سے دوستی ان کے کیریئر کے آغاز میں ہوگئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ویوک واسوانی نے شاہ رخ خان کا ان کے مشکل حالات میں بھرپور ساتھ دیا، تاہم ویوک واسوانی کہتے ہیں، ’شاہ رخ خان کو کامیابی میری وجہ سے حاصل نہیں ہوئی، میں نے تو بس منزل تک پہنچنے میں ان کی مدد کی تھی۔‘

بھارتی میڈیا کے مطابق، شاہ رخ خان اور گوری خان  کم عمری سے ہی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار تھے لیکن دونوں کی شادی میں مذہب آڑے آرہا تھا کیوں کہ شاہ رخ خان مسلمان اور گوری ہندو تھیں۔ ان دونوں  نے مسائل سے بچنے کے لیے 26 اگست 1991 کو عدالت میں شادی کی تھی۔

کنگ خان نے دوسری بار گوری کو اسلام قبول کرا کر نکاح کیا اور ان کا اسلامی نام عائشہ رکھا۔ تیسری باران کی شادی 25 اکتوبر 1991 کو  ہندو  رسم و رواج کے تحت  ہوئی جس میں دونوں خاندان کے قریبی افراد نے شرکت کی۔ تاہم 3 بار شادی کے باوجود کنگ خان 25 اکتوبر کو ہی شادی کی سالگرہ مناتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp