غزہ جنگ: فضائی حملے میں 11 فلسطینی شہید، حماس نے 3 اسرائیلی فوجی مار دیے

اتوار 3 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ کے شہر رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 11 افراد کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔ ادھر غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس نے جھڑپوں میں مزید 3 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رفع میں ہزاروں فلسطینی، اسرائیل کے تباہ کن حملوں سے پناہ گاہ تلاش میں خیموں میں مقیم ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ رفح کے علاقے تل السلطان میں ایک اسپتال کے قریب ہونے والے فضائی حملے میں 50 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔

رائٹرز کے مطابق خیموں پر براہ راست بمباری کی گئی، بمباری نے اسپتال کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جہاں ایک ڈاکٹر شہید ہوگیا۔ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حانون میں کھیتوں میں خوراک کی تلاش میں 3 افراد اسرائیلی حملوں میں مارے گئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 3 دن میں شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال میں پانی کی کمی اور غذائی قلت سے 13 بچے مارے جاچکے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اموات میں اضافے کا خطرہ ہے، بچوں کو دن میں 3 وقت کھانا ملنا چاہیے لیکن انہیں بمشکل ایک بار ہی کھانا مل رہا ہے، یوں بچے غذائی قلت اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا شکار ہیں‘۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے الزیتون میں صیہونی ٹینکوں پر حملوں کی نئی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ 2 مارچ کو جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں ایک عمارت میں ہونے والے دھماکے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے، جن میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی 3 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، زمینی کارروائی میں اب تک 245 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکےہیں۔

7 اکتوبر 2023 سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 ہزار 320 فلسطینی شہید اور 71 ہزار 533 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسی دوران حماس کے حملوں سے اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,140 ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp