رمضان المبارک میں سوا 3 کروڑ مستحق لوگوں کو ان کا حق گھر کی دہلیز پر ملے گا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

بدھ 6 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں غریب و مستحق افراد کے لیے ایک اچھا پیکج تیار کرلیا گیا ہے،غریب عوام کو ان کا حق گھر کی دہلیز پر ملے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکیج کے تحت پنجاب کے سوا 3 کروڑ لوگوں کو ان کا حق ان کے گھر کی دہلیز پر ملنے جارہا ہے، ماضی میں اس طرح کی مشق کسی حکومت نے نہیں کی، میری اور نوازشریف کی خواہش پر حکومتی ٹیم نے بہت زبردست ایکسرسائز کی، اس سارے عمل میں پنجاب حکومت کو پولیس اور متعلقہ محکموں کا تعاون حاصل ہے، ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی بنیاد پر مستحق لوگوں کو تلاش کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے رمضان المبارک گرمیوں میں آتا ہے، غریب عوام کو رمضان المبارک پیکیج کے حصول کے لیے کئی کئی گھنٹے روزے کی حالت میں قطاروں میں لگنا پڑتا تھا، غریب عوام کی اس تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا کہ غریب عوام کو ان کا حق تکلیف اٹھائے بغیر ان کی دہلیز پر دیا جائے۔

مزید پڑھیں

’ہم نے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے نادرا کی مدد سے غریب عوام کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، رمضان نگہبان پیکیج کے تحت پنجاب کے 6.72 (سوا 3 کروڑ لوگ) ملین خاندانوں کو راشن ان کی دہیلز پر دیا جائے گا۔‘

مریم نواز نے کہا کہ جب پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا، غریب عوام کے ان کی دہلیز پر ان کا حق دیا جائے تو سب سے بڑا سوال یہ سامنے آیا کہ کون غریب ہے، تو اس کے لیے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ لوگوں کا ڈیٹا لیا گیا اور نادرا نے بھی ان لوگوں کا ڈیٹا فراہم کیا جو پچھلے سال فری آٹے کے لیے حکومتی اسٹالز پر آئے تھے، گھر گھر جاکر لوگوں کے ڈیٹا کی تصدیق کی گئی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آنے والے 3 سے 4 مہینوں میں پورے پنجاب میں سروے کیا جائے گا،یہ معلوم کیا جائے گا کون صحیح طور پر مستحق ہے، کس کی 60 ہزار سے کم تنخواہ ہے، کس کی 30 ہزار سے کم ہے، تاکہ پنجاب حکومت کو معلوم ہو کہ صوبے کے 12 کروڑ عوام میں کون مستحق ہے۔

’یہ ڈیٹا آنے والی تمام صوبائی حکومتوں کے لیے مفید ہوگا، ڈیٹا میں تبدیلیاں ہوتی رہیں گی، اس سروے کا مقصد یہ ہے کوئی بھی حکومت ہو وہ مستحق افراد تک پہنچنا چاہے تو اسے ڈیٹا آسانی سے دستیاب ہو۔‘

مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکیج میں آٹا، دالیں، چینی، چاول، بیسن اور گھی شامل ہے، 65 لاکھ تھیلے کیوآرکوڈ کے ساتھ مستحق افراد کو فراہم کیے جائیں گے، پیکیج میں معیاری چیزیں شامل ہوں گی، غیر معیاری اشیائے خورونوش بنانے والی 4 ملز کو سیل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھے لوگوں کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں وہ ہر چیز پرتنقید کرتے ہیں،امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت کارروائی ہوگی، ہارے ہوئے سیاستدانوں کا کام تنقید کرنا اور ہمارا کام عوام کو ریلیف دینا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp