تیسرے نمبر پر کھیلنے کے لیے میں مطمئن نہیں تھا، بابر اعظم

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ تیسرے نمبر پر کھیلنے کے حوالے سے ان پر کوئی پریشر نہیں اور نہ ہی وہ اسے اہمیت دیتے ہیں۔

کراچی کنگز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا، ’ٹیم کی ڈیمانڈ تھی، میں نے جو بھی فیصلہ کیا وہ پاکستان کے لیے کیا، میں ون ڈاؤن کھیلنے پر ذاتی طور پر مطمئن نہیں تھا مگر پاکستان کے لیے کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جائے کہ کون سا پلیئر مستقبل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ کرکٹ بورڈ یا کوچز کا کام ہے کہ ایسے نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کریں اور انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کھلانے سے پہلے کرکٹ اکیڈمی میں لے کر جائیں تاکہ وہ پریشر کو ہینڈل کرنا سیکھ سکیں۔

بابر نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں فرق ہوتا ہے، کھلاڑی آہستہ آہستہ اور تجربے سے ہی پریشر کو ہینڈل کرنا سیکھتا ہے، ایسے کھلاڑی بہت کم ہوتے ہیں جو براہ راست انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کھلاڑیوں پر سب کی نظر ہوتی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ کون سا کھلاڑی کس وقت اور کس کھیل کے لیے موزوں ہوگا۔

پشاور زلمی ٹیم سلیکشن سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہترین دستیاب پلیئرز پر ٹیم سلیکٹ کی تھی، لیکن بد قسمتی سے کچھ کھلاڑی دستیاب نہ ہوسکے، ہم نے کوشش کی کہ بہترین باؤلنگ لائن کے ساتھ چلیں، جو تبدیلیاں کیں وہ ٹیم کے حق میں بہتر ثابت ہوئیں، پاکستانی کھلاڑیوں سے توقعات تھیں اور وہ اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’مجھے اپنی گیم کا پتہ ہے، میں تنقید پر زیادہ دھیان نہیں دیتا، گراؤنڈ میں پرفارم کرتا ہوں، کسی کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں، جب عوام بابر، بابر کی آواز لگاتی ہے تو وہ احساس الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا، جب عوام میرا نام لیتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ اپنی پرفارمنس سے فینز کو خوشیاں دوں ، کوشش ہوتی ہے کہ فینز کی ہر خواہش پوری کروں‘۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ صائم ایوب اب آل راؤنڈر بن گئے ہیں، صائم ایوب کے ہونے سے ہمیں بولنگ میں اچھا آپشن مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’میرا اور صائم کا کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے، ہم ایک پلان بناکر کھیلتے ہیں، ہم دونوں میں کمیونیکیشن ہوتی ہے، صائم کے ساتھ اوپن کرکے اچھا لگتا ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 9 کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نےکراچی کنگز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ پشاور زلمی 10 میچز میں 13 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیببل پر سر فہرست ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp