وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ وزیر اعظم نے ایئر چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری صدر مملکت کو بھجوادی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کا اعلان کریں گے۔ ظہیر احمد بابر سدھو نے 19 مارچ 2021 کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی تھی۔
مزید پڑھیں
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 1986 میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کا تعلق گجرات کے گاؤں سدھ سے ہے، ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے یہ تیسرے سروسز چیف ہیں۔ اس سے قبل ایڈمرل محمد شریف اور جنرل راحیل شریف سروسز چیفس رہ چکے ہیں۔
ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو معروف عالم دین حکیم غلام محمد کے صاحبزادے ہیں۔وہ فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ائیر بیس اور علاقائی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔
ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز)، ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس، وزارت دفاع میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، برطانیہ کے کامبیٹ کمانڈرز اسکول، ایئر وار کالج اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔